ریویو میں پاکستانی ٹیم کی ناکامی کی وجہ ناسمجھی بھی ہے ، کھلاڑیوں کی خود غرضی بھی شامل ہے ، وقار یونس

ہفتہ 25 جنوری 2014 13:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25جنوری 2014ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے کہا ہے کہ ریویو میں پاکستانی ٹیم کی ناکامی کی وجہ ناسمجھی بھی ہے اور کسی حد تک اس میں کھلاڑیوں کی خود غرضی بھی شامل ہے ،صرف اپنی ذات کو فائدہ پہنچانے والی سوچ نہیں ہونی چاہیے ، ریویو لینے میں سب سے اہم کردار وکٹ کیپر کا ہوتا ہے، ایل بی ڈبلیو کے بارے میں مکمل طور پر پتہ ہونا چاہیے ۔

ایک انٹرویو میں وقار یونس نے کہاکہ پاکستان نے ریویو کی ابھی تک سٹڈی نہیں کی سری لنکا کے خلاف سیریز میں یہ بات دیکھنے میں آئی کہ چونکہ ابتدائی تین بیٹسمینوں نے رنز نہیں کیے تھے لہٰذا ریویو لینے کے معاملے میں ان کی خود غرضی دکھائی دی۔ اظہر علی نے سلپ میں کیچ ہو کر بھی ریویو لیا۔ یہ غلط ہے، صرف اپنی ذات کو فائدہ پہنچانے والی سوچ نہیں ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

وقار یونس نے کہا کہ ریویو لینے میں سب سے اہم کردار وکٹ کیپر کا ہوتا ہے، اسے ایل بی ڈبلیو کے بارے میں مکمل طور پر پتہ ہونا چاہیے۔ یہ ذہانت کا کھیل ہے، جس میں آپ کوامپائر کا دماغ پڑھنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ مصباح جب کور میں فیلڈنگ کر رہے ہوتے ہیں تو ریویو لینے کے معاملے میں وہ بولر سے پوچھتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ کوئی بھی بولر یہ نہیں کہے گا کہ اس کی اپیل غلط ہے، وہ تو یہی کہے گا کہ اس کی گیند وکٹ میں جا رہی تھی لہٰذا ریویو لے لیں۔ مصباح الحق اگر وہ سلپ میں ہوں گے تو انھیں زیادہ واضح طور پر دکھائی دیگا۔وقاریونس نے کہاکہ ٹیم کے ہر کھلاڑی کو یہ سمجھانے کی ضرورت ہے کہ یہ ٹیم گیم ہے اس میں خود غرضی نہیں دکھانی چاہیے اور جہاں ضرورت ہو صرف وہیں ریویو لیا جائے۔

متعلقہ عنوان :