ایران عراق اور شام سے شیعہ زائرین کے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری، سخت سیکورٹی میں ڈیڑھ سو زائرین کو خصوصی طیارے کے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیا گیا

جمعہ 24 جنوری 2014 22:12

دالبندین /نوکنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 جنوری ۔2014ء) ایران عراق اور شام سے شیعہ زائرین کے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری سخت سیکورٹی میں ڈیڑھ سو زائرین کو خصوصی طیارے کے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیا گیا تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ضلع مستونگ کے علاقے کوشک درینگڑھ میں ایران سے کوئٹہ جانیوالی زائرین کی بسوں پر خودکش حملے اور درجنوں افراد کے لقمہ اجل بننے کے بعد واپس آنے والے زائرین کی سفری حفاظت انتہائی سخت کردی گئی ہے اس سلسلے میں جمعہ کے روز ایران عراق اور شام سے آنے والے سات بسوں پر مشتمل سینکڑوں زائرین کی آمد کے سلسلے میں سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی اور انہیں سخت سیکورٹی حصار میں تفتان سے دالبندین ائیرپورٹ پہنچادیا گیا جہاں پر انہیں پاک آرمی کے خصوصی طیارے فلائیٹ کے ذریعے کوئٹہ منتقل کرنے کا بندوبست کیا گیا اور پہلے مرحلے میں 150زائرین کو دالبندین ائیرپورٹ سے کوئٹہ منتقل کردیا گیا جنہیں کل بروز ہفتہ خصوصی فلائیٹ کے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیا جائیگا علاوہ ازیں دو بسوں پر مشتمل مزید سو زائرین کو سیکورٹی خدشات کی بناء پر نوکنڈی کے مقام پر روک دیا گیا جوکہ کوئٹہ جانا چاہتے تھے زائرین کی دالبندین آمد کے موقع پر شہربھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ رہی جگہ ج گہ پر لیویز پولیس اور ایف سی کے خصوصی دستے تعینات کردیئے گئے تھے ائیرپورٹ پر کمانڈنٹ ایف سی دالبندین رائفلز کرنل عبدالرحمن عارف ڈپٹی کمشنر چاغی سیف اللہ خان کھیتران اسسٹنٹ کمشنر رزاق ساسولی ڈی پی او چاغی سید اسد رضا اور دیگر حکام بھی موجود تھے ائیرپورٹ پرزائرین نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ مستونگ میں گذشتہ روز کے خودکش حملے اور درجنوں افراد کے لقمہ اجل بنے کے بعد وہ گذشتہ کئی روز سے تفتان میں بے یارو مددگار پڑے رہے بچے بوڑھے مرد وخواتین کو شدید سردی میں سخت مشکلات کا سامنا رہا ان کے لئے کوئی خاص انتظامات نہیں کئے گئے تھے علاوہ ازیں دو بسوں پر مشتمل 100زائرین کو سیکورٹی خدشات کی بناء پر نوکنڈی میں روک دیا گیا ہے آمدہ اطلاعات کے مطابق زائرین نے احتجاجاً آرسی ڈی شاہراہ پر دھرنا دیکر احتجاج کیا کہ ان کی سیکیورٹی کیلئے خاطر خواتہ اقدامات کرکے انہیں واپس کوئٹہ بھیج دیا جائے تاہم ضلعی انتظامیہ نے زائدین کے احتجاج کے متعلق واقعے سے لاعلمی کااظہار کیا ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ 100زائدین کو سیکورٹی کی بناء پر ضلعی انتظامیہ نے واپس تفتان بھیج دیا جوکہ نوکنڈی کے مقام پر شاہراہ بلاک کرکے احتجاج کررہے ہیں جس کی تصدیق نوکنڈی سے مقامی صحافیوں نے کرلی ہے ۔