وفاقی وزیر پٹرولیم نے توہین عدالت کے نوٹس پر ہائی کورٹ سے معافی مانگ لی ،نوٹس کو خارج کر دیا گیا ، وزراء عدالتی احکامات کی تضحیک کریں گے تو عام افراد کو بھی شہ ملے گی ،شوکت عزیز صدیقی ،عدلیہ کی توہین کا سوچ بھی نہیں سکتے پریس کانفرنس کے دوران زبان پھسل گئی تو معافی مانگتا ہوں ، شاہد خاقان عباسی ، بجلی اور گیس کے بحران کا فوری حل ممکن نہیں ،عوام حکومت کو وقت دے ، وفاقی وزیر پٹرولیم کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 24 جنوری 2014 19:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 جنوری ۔2014ء) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے توہین عدالت کے نوٹس پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے غیرمشروط معافی مانگ لی جس پر نوٹس کو خارج کردیا گیا۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے وفاقی وزیر پیٹرولیم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ عدلیہ کی توہین کا سوچ بھی نہیں سکتے پریس کانفرنس کے دوران اگر زبان پھسل گئی ہو تو وہ غیر مشروط معافی مانگتے ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ وزراء عدالتی احکامات کی تضحیک کریں گے تو عام افراد کو بھی شہ ملے گی۔ عدالت نے ان کی معافی منظور کرتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔شاہد خاقان عباسی نے سی این جی سٹیشنز کھولنے سے متعلق عدالتی فیصلے پر پریس کانفرنس کے دوران تنقید کی تھی جس کی پاداش میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ بجلی اور گیس کے بحران کا فوری حل ممکن نہیں ،عوام حکومت کو وقت دے۔انہوں نے کہاکہ جب تک اضافی گیس نہیں آئے گی ، مسئلہ حل نہیں ہو گا تاہم آئندہ موسم سرما میں گیس بحران میں کمی آئے گی۔