پرویز مشرف کی بیماری پیچیدہ اور غیر متوقع ہے ،مسلسل نگرانی کی ضرورت ہے ، میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آگئی ،مشرف دباؤ میں رہے تو دل کا جان لیوا دورہ پڑ سکتا ہے ،سابق صدر انجیو گرافی بیرون ملک سے کرانا چاہتے ہیں ،رپورٹ میں انکشاف ،مشرف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی تو پھر ہر ملزم اور مجرم بیرون جانے کاتقاضا کریگا ، اکرم شیخ ،آئین کے تحت مریض کو کسی بھی من پسند ڈاکٹر سے علاج کروانے کا اختیار ہے ، مشرف کی وکلاء ٹیم کے رکن فیصل چوہدری کا بیان

جمعہ 24 جنوری 2014 19:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 جنوری ۔2014ء) سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس میں پیش کی گئی سابق صدر کی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آگئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پرویز مشرف کی بیماری پیچیدہ اور غیر متوقع ہے ،مسلسل نگرانی کی ضرورت ہے ،سابق صدر انجیو گرافی بیرون ملک سے کرانا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا کہ پرویز مشرف کو اینجیوگرافی کی فوری ضرورت ہے اور اگر اس سے متعلق جلد کوئی فیصلہ نہ کیا گیا اور وہ اسی طرح دباوٴ میں رہے تو اْنھیں دل کا جان لیوا دورہ پڑ سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مریض پرویز مشرف کی خواہش ہے کہ اینجیوگرافی کروائیں مگر اس سلسلے میں وہ طبی ادارے کے انتخاب کا اختیار محفوظ رکھتے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا کہ سابق فوجی صدر نے کہا کہ اگرچہ ملک میں اینجیوگرافی کی خاطرخواہ طبی سہولیات موجود ہیں، تاہم اس عمل کے دوران کسی پیچیدگی کی صورت میں درکار جدید ترین آلات کی کمی ہے رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف کی بائیں مرکزی شریان کی صورت حال سنگین ہے، سی ٹی انجیو گرافی کے جائزے سے پتا چلتا ہے بیماری سنگین اور غیر متوقع ہے تاہم رپورٹ میں عدالت سے اس بات کی سفارش نہیں کی کہ پرویز مشرف کو علاج کے لیے بیرون ملک بھجوایا جائے اور نہ ہی کہا گیا کہ اس بیماری کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں ۔

(جاری ہے)

برطانوی میڈیا کے مطابق چیف پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کہاکہ ملزم پرویز مشرف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی تو پھر ہر ملزم اور مجرم تقاضا کرے گا کہ اْسے علاج کے لیے بیرون ملک بھجوایا جائے۔ملزم پرویز مشرف کی وکلا ٹیم میں شامل فیصل چوہدری نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ آئین کے تحت مریض کو کسی بھی من پسند ڈاکٹر سے علاج کروانے کا اختیار ہے اور مریض کے اس حق کو ختم کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

متعلقہ عنوان :