مستونگ دھماکے میں جاں بحق 27 زائرین ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں سپرد خاک

جمعہ 24 جنوری 2014 13:06

مستونگ دھماکے میں جاں بحق 27 زائرین ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں سپرد خاک

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2014ء) مستونگ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 27 زائرین کو ہزار ٹاؤن کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مستونگ دھماکے میں جاں بحق 27 افراد کی نماز جنازہ ہزارہ ٹاؤن کے قبرستان کے میدان میں ادا کی گئی جس میں مجلس وحدت المسلمین، شعیہ علما کونسل اور مذہبی رہنماؤں سمیت ہزارہ برادری کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تمام میتوں کو ہزارہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ تدفین کے موقع پر قبرستان کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ پولیس کےساتھ ایف سی اہلکار بھی قبرستان سے ملحقہ پہاڑوں پر تعینات کیے گئے تھے۔سانحہ مستونگ کے بعد فورسز کی طرف سے ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔

(جاری ہے)

جس کی نگرانی آئی جی ایف سی میجر جنرل اعجاز شاہد کررہے ہیں۔

مستونگ کے علاقے کانک اور درینگڑھ میں کارروائی کے دوران 20 مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مستونگ میں منگل کو زائرین کی بس پر حملے کے خلاف ہزارہ برادری کی جانب سے بدھ کو کوئٹہ کے علمدار روڈ پر دھرنا گیا تھا تاہم گزشتہ روز وزیر داخلہ کے ہزارہ برادری کے عمائدین اور شیعہ رہنماؤں سے مذاکرات کے بعد ہزارہ برادری نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔