حکومت گیس کی درآمد اور نئے ذخائر کی دریافت سمیت اس مسئلے کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، شاہد خاقان عباسی ، توانائی کا بحران چند ماہ میں حل نہیں ہو سکتا، حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں بتدریج بہتری آئے گی ، وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 23 جنوری 2014 21:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری ۔2014ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت گیس کی درآمد اور نئے ذخائر کی دریافت سمیت اس مسئلے کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، توانائی کا بحران چند ماہ میں حل نہیں ہو سکتا، حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں بتدریج بہتری آئے گی وہ جمعرات کو یہاں قائداعظم یونیورسٹی میں او جی ڈی سی ایل کی طرف سے تعمیر کئے جانے والے گرلز ہاسٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے اس موقع پر وفاقی سیکرٹری پٹرولیم عابد سعید، ایم ڈی او جی ڈی سی ایل ریاض احمد خان اور قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی بھی موجود تھے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں نجی شعبہ کی سرمایہ کاری قابل تحسین ہے اگر نجی شعبہ سرمایہ کاری نہ کرتا تو تعلیم کی صورتحال زیادہ خراب ہوتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائداعظم یونیورسٹی میں ہاسٹل کی تعمیر او جی ڈی سی ایل کی ذمہ داریوں میں سے ایک ہے کیونکہ وہ معاشرے کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ او جی ڈی سی ایل اسی طرز کی دوسری سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کریگی۔

تعلیم کے فروغ میں قائداعظم یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی باعث مسرت ہے کہ قائداعظم یونیورسٹی میں پچاس فیصد طالبات تعلیم حاصل کر رہی ہیں، خواتین نے ہر شعبہ میں ترقی کی ہے اور مردوں کو پیچھے چھوڑا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ توانائی کا بحران کئی سال پرانا ہے، حکومت اس پر قابو پانے کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے، چند ماہ میں یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا تاہم اس میں بتدریج بہتری آئے گی۔