وزیراعظم کی ہدایت پرچوہدری نثارکوئٹہ پہنچ گئے،علمدار روڈ پر سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین سے ملاقات کرینگے

جمعرات 23 جنوری 2014 21:33

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری ۔2014ء) وزیراعظم میاں نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید جمعرات کی رات کو اسلام آباد سے خصوصی طیارے میں کوئٹہ پہنچ گئے کوئٹہ پہنچنے کے بعد وفاقی وزراء نے سانحہ مستونگ میں زخمی ہونیوالے افراد کی سی ایم ایچ ہسپتال میں عیادت کی اور اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ہدایت کی کہ زخمیوں کے علاج ومعالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے سرکاری ذرائع کے مطابق دونوں وفاقی وزراء علمدار روڈ پر سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین سے ملاقات کرینگے وفاقی وزراء گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور صوبائی وزراء سے بھی ملاقاتیں کرینگے ۔