شیعہ علماء کونسل کا وفاقی حکومت کو 24گھٹنے کا الٹی میٹم، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو مظاہرے دھرنوں میں تبدیل کردینگے، عارف واحدی، سازش کے تحت ملک کے حالات خراب کئے جارہے ہیں، مرکزی سیکرٹری جنرل کی اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس

جمعرات 23 جنوری 2014 21:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری ۔2014ء)شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی اور بزرگ علماء کرام کی مشاورت کے بعد شیعہ علماء کونسل پاکستان حکومت کو چوبیس گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتی ہے کہ سانحہ مستونگ کوئٹہ اور دیگر سانحات میں ملوث شدت پسندوں کیخلاف کارروائی نہ کی گئی اور قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو جمعہ کے روز ملک بھر میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے پر امن مظاہروں کو دھرنوں میں تبدیل کر کے پورا ملک جام کردیں گے۔

اس موقع پر ، علامہ مشتاق حسین ہمدانی مرکزی سیکرٹری مالیات شیعہ علماء کونسل پاکستان، علامہ عقیل حسین کاظمی جامعة الکوثر،، سید اظہار بخاری ناظم اعلیٰ جعفریہ یوتھ شیعہ علماء کونسل پاکستان، چوہدری عبداللہ رضا مرکزی سینئر نائب صدر جے ایس او پاکستان ، مولانا غلام قاسم جعفری ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل راولپنڈی،احمد علی طوری صدر شیعہ علماء کونسل ضلع اسلام آباد، سید محمود علی نقوی جنرل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل راولپنڈی ڈویژن ، مولانا باقر حسین شیرازی نمائندہ جامعہ المدینة العلم وفاق العلماء شیعہ، مولانا طاہر حسین کاظمی نمائندہ وفاق المدارس شیعہ بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کی اپیل پر کوئٹہ میں شہداء کی میتوں کے ہمراہ دھرنا جاری ہے اور اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حکومت ہمارے مطالبات کو تسلیم نہیں کرتی۔ افسوس کہ حکومت انتہائی بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آج تک ملک میں ہو نیوالی دہشتگردی کے حوالے سے کسی مسلک کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا اور نہ ہی ٹھہراتے ہیں بلکہ ہمارا موقف ہے کہ اس ملک میں تمام مسالک آپس میں اتحاد و وحدت اور محبت و بھائی چارے کی فضا میں رہ رہے ہیں ایک سازش کے تحت دہشتگردی کو فرقہ واریت بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جو قابل مذمت ہے ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف بہت بڑی اور گہری سازش ہے تاکہ پاکستان نہ معاشی طور پر مستحکم ہو سکے اور نہ ہی عوام سکون و اطمینان اور من و سلامتی کی زندگی گزار سکیں۔