Live Updates

عمران خان خوشاب میں ایک گھنٹہ پولنگ کا ٹائم بڑھانے پر تشویش کااظہار ، مسلم لیگ نواز انتخابی نتائج چرا کر حکومت کرنے پر یقین رکھتی ہے ، سربراہ تحریک انصاف ،4حلقوں کے نتائج کی انگوٹوں کے نشانات کے ذریعے جانچ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا اعلان

جمعرات 23 جنوری 2014 21:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضمنی انتخابات کے موقع پر خوشاب میں قومی اسمبلی کے حلقہ 69کیلئے پولنگ کے وقت میں توسیع پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ دھاندلی اور نتائج میں ردوبدل کیلئے اٹھایا گیا حکومتی اقدام ہے اسلام آباد سے جاری بیان میں چیئرمین تحریک انصاف نے این 69میں پولنگ کے اوقات میں توسیع کو مسلم لیگ نواز الیکشن کمیشن کی ملی بھگت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اس اقدام کی شدید مذمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مسلم لیگ نواز کی حکومت نے شکست کے خوف سے دھاندلی کا منصوبہ تیار کیا اور اعلی ترین سطح پر کی گئی منصوبہ بندی کے تحت الیکشن کمیشن کے ذریعے پولنگ کے اوقات میں 1گھنٹے کی توسیع حاصل کی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن میں پنجاب کے رکن جسٹس ریاض کیانی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے دھند اور سرد موسم کو جواز بنا کر پولنگ کے اوقات میں توسیع کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے اسے بدنیتی پر مبنی اقدام قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ موسم کی شدت کی آڑ میں پولنگ اوقات کو دن ڈھلنے تک توسیع دی گئی تاکہ اندھیرا چھا جانے پر جعلی ووٹوں سے باکسز بھرے جائیں اور بجلی کی عدم موجودگی سے فائدہ اٹھا کر اپنی مرضی کے نتائج تیار کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولنگ اوقات میں توسیع کا فیصلہ مقامی ریٹرننگ افسر کی درخواست کے بغیر ہی کیا گیا جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے زور دے کر کہا کہ اسی نوعیت کے انتظامی اقدامات کے ذریعے عام انتخابات میں بھی تاریخی دھاندلی کی گئی اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا جسے بے نقاب کرنے کا بیڑہ اٹھا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز انتخابی نتائج چرا کر حکومت کرنے پر یقین رکھتی ہے چنانچہ آج بھی اپنی اسی خصلت کو دہراتے ہوئے پنجاب حکمت نے دھاندلی کے تمام وسائل استعمال کیے۔ اپنے بیان میں 4حلقوں کے نتائج کی انگوٹوں کے نشانات کے ذریعے جانچ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا اعلان کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے متنبہ کیا کہ کسی صورت دھاندلی برداشت نہیں کریں گے اور جعلی مینڈیٹ کو ہرحال میں بے نقاب کرکے ملک میں جمہوریت کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات