پی سی بی کی طرف سے قومی ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور اور فیلڈنگ کوچ جولین فاوٴنٹین کے اعزاز میں الوداعی تقریب ،ذکاء اشرف ،سبحان احمد ،جاوید میانداد ،ذاکر خان سمیت دیگر کی شرکت ،ڈیو واٹمور اور جولین فاوٴنٹین کو سوینئرز پیش کئے گئے،گزشتہ دو سال پاکستان کرکٹ کیلئے انتہائی مشکل سال رہے ،اس دور میں واٹمور اور فاؤنٹین کی خدمات قابل تحسین ہیں‘چیئرمین،پاکستانی ٹیم کے ساتھ گزرا وقت یادگار رہیگا،سری لنکا کیخلاف شارجہ میں تاریخی فتح میرے لئے بہترین تحفہ ہے،ڈیوواٹمور کا خطاب

جمعرات 23 جنوری 2014 21:23

پی سی بی کی طرف سے قومی ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور اور فیلڈنگ کوچ جولین فاوٴنٹین ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری ۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے قومی ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور اور فیلڈنگ کوچ جولین فاوٴنٹین کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکاء اشرف ،چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد ،ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد ، ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

چیئرمین پی سی بی نے اس موقع پر ڈیو واٹمور اور جولین فاوٴنٹین کو پی سی بی کی طرف سے سوینئرز پیش کئے ۔الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکا اشرف نے کہا کہ گزشتہ دو سال پاکستان کرکٹ کے لئے انتہائی مشکل سال رہے ہیں اور اس دوران کوئی بھی ہوم سیریز نہیں ہوئی ۔اس عرصے میں ڈیو واٹمور کی خدمات قابل تحسین ہیں ۔

(جاری ہے)

اس دو رمیں قومی کھلاڑیوں کی بیٹنگ تکنیک میں بہتری کے علاوہ انکے ذہنی استعداد کار میں بہتری ہوئی ہے جس کے لئے ڈیو واٹمور اور جولین فاؤنٹین تعریف کے حقدار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ دونوں کی کامیابی کے لئے دعا گو ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈیو واٹمور نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ گزرا ہوا وقت میرے لئے یادگار رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی سری لنکا کے خلاف شارجہ میں تاریخی فتح میرے لئے بہترین تحفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میری دو سالہ کوچنگ میں پاکستان نے کامیابیاں بھی حاصل کیں جن میں ایشیاء کپ کے علاوہ بھارت کیخلاف ون ڈے کی کامیابی اور خصوصاجنوبی افریقہ کو اسکی سر زمین پر شکست دینا ہے جو تاریخی فتح کے طور پریاد رکھی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے شائقین بھی بہت پیار کر نے والے ہیں ۔میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے تمام عہدیداروں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے بھرپور سپورٹ کیا ۔جولین فاؤنٹین نے کہا کہ میرے دور میں تمام طرز کی کرکٹ میں کھلاڑیوں کی فیلڈنگ میں بہتری آئی ہے جو میری کامیابی ہے ۔انہوں نے بھی پی سی بی کا بھرپور شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف نے کہا کہ کوچ ڈیو واٹمور اور فیلڈنگ کوچ جولین فاؤنٹین نے پاکستان کرکٹ کے لئے بہترین کام کیا اور پی سی نے انہیں بھرپور طریقے سے رخصت کیا ہے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ 28جنوری کو دبئی میں شروع ہونے والی آئی سی سی میٹنگ میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سری نواسن سے ملاقات بھی ہو گی جس میں پاک بھارت کرکٹ سیریز کی بحالی میں پیشرفت پر بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت سیریز کے حوالے سے قومی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھیں گے اور اپنے موقف پر قائم رہیں گے۔