افغان شہری کی مسجد نبوی میں مسلسل 37سال باجماعت نماز ادائیگی کی منفردمثال،19سال کی عمرمیں نوکری کیلئے آیا،کام سے پہلے آجرکو بتادیتاہوں نمازمسجدنبوی میں اداکروں گا،حاجی محمد

جمعرات 23 جنوری 2014 19:31

مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری ۔2014ء)مدینہ منورہ میں مقیم ایک افغان شہری نے 37سال سے مسجد نبوی کے امام کے پیچھے پنج وقتہ نمازیں ادا کرکے ایک منفردمثال قائم کردی ،عرب ٹی وی کے مطابق خوش نصیب افغان شہری حاجی محمد 19سال کی عمر میں بسلسلہ روزگار سعودی عرب آئے تھے اور گذشتہ 37سال سے پلمبر کے طور پر کام کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس دوران وہ صرف ایک مرتبہ ہی اپنے آبائی وطن افغانستان واپس گئے ،حاجی محمد مدینہ منورہ میں بہت مقبول ہیں کیونکہ وہ گزشتہ ربع صدی سے سعودی ٹی وی پر امام مسجد نبوی کے پیچھے نمازیوں کی پہلی صف میں دائیں طرف کھڑے نظر آتے ہیں ،ان کی سیاہ پگڑی اور نماز کیلئے مخصوص جگہ ان کی پہچان بن چکی ہے۔

حاجی محمد نے بتایا کہ میں جب کسی آجر کے لیے کام کرتا ہوں تو میں اسے بتادیتا ہوں کہ میں مسجد نبوی میں نماز ادا کروں گا اور کوئی بھی نماز ضائع نہیں کرنا چاہتا۔رمضان المبارک کے دوران میں کام نہیں کروں گا کیونکہ میں تمام وقت مسجد نبوی میں ہوتا ہوں۔