امن امان کی صورتحال، پاکستان کرکٹ بورڈ کے سلیکٹرز نے بلوچستان جانے سے معذرت کرلی ، بلوچستان کے نوجوانوں سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹرائل گڑھی خدا بخش میں لئے گئے

جمعرات 23 جنوری 2014 19:01

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری ۔2014ء) بلو چستان میں امن امان کی صورتحال، پاکستان کرکٹ بورڈ کے سلیکٹرز نے بلوچستان جانے سے معذرت کرلی ،بلوچستان میں امن امان کی صورتحال خراب ہونے کے باعث بلوچستان کے نوجوانوں سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹرائل گڑہی خدا بخش میں لئے گئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں امن امان کی خراب صورتحال پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سلیکٹرز نے بلوچستان میں نوجوانوں سے ٹرائل لینے سے معذرت کرلی ہے اور بلوچستان میں امن امان کی خراب صورتحال کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹرائل بلوچستان کے شہر ڈیرہ مراد جمالی میں ہونے کے بجائے سندھ کے شہر گڑہی خدا بخش میں لئے گئے ،پی سی بی کے سلیکٹرز ظہور الٰہی اور سلیم جعفر نے بلوچستان جانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں حالات خراب ہیں جس کے باعث ہم بلوچستان نہیں جاسکتے جس کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں سبی، ڈیرہ مراد جمالی، جعفرآباد، اوستہ محمد، لورالائی، نصیر آباد سمیت دیگر علاقوں کے نوجوانوں سے لاڑکانہ میں ٹرائل لیا گیا، بلوچستان میں امن امان کی خراب صورتحال کے باعث نوجوانوں کا مستقبل داوٴ پر لگا ہوا ہے اور نوجوان کھیل سے دور ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کی نظر انداز کرنے کی شکایات بھی ہمیشہ موصول ہوتی رہی ہے ، ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ پی سی بی میں بلوچستان کو مکمل نظر انداز کیا گیا ہے جس کے باعث بلوچستان کے کھلاڑی پاکستان ٹیم میں سلیکٹ نہیں کئے جاتے ، بلوچستان میں ٹیلنٹ موجود ہے مگر اس کو استعما ل نہیں کیا جارہا جو کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے ساتھ ذیادتی ہے ۔