بان کی مون کی پاکستان میں دہشتگردی کے حملوں، حالیہ فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات اور پولیو ورکرز کو نشانہ بنانے کی مذمت، اقوام متحدہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی کیخلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کریگا بیان

جمعرات 23 جنوری 2014 18:55

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری ۔2014ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان میں دہشت گردی کے حملوں، حالیہ فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات اور پولیو ورکرز کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو ورکروں پر ناقابل قبول حملوں سے پاکستان کو اس موذی مرض سے پاک کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر سے جاری بیان میں بان کی مون نے دہشت گردی کے جاری حملوں اور پرتشدد فرقہ وارانہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے راولپنڈی کے آراء بازار کے حالیہ دھماکے اور بلوچستان میں زائرین کی بس کو نشانہ بنانے کے علاوہ پولیو ورکروں پر حملوں کی بھی مذمت کی ہے جس میں متعدد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ورکروں پر ناقابل قبول حملوں سے پاکستان کو اس موذی مرض سے پاک کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ پاکستان کا شمار ان تین ممالک میں ہوتا ہے جہاں ابھی پولیو کے مریض سامنے آ رہے ہیں۔ سیکرٹری جنرل نے اپنے بیان میں پاکستان کی حکومت، عوام اور غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی کیخلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرے گا۔