مشرف عدلیہ سے چشم پوشی کرکے اپنے انجام کو نہیں ٹال سکتے،چوہدری محمد برجیس طاہر

جمعرات 23 جنوری 2014 17:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء) چوہدری محمد برجیس طاہر وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ وکلاء ملک کا سرمایہ ہیں اور وکلاء کی عدلیہ بحالی کی تحریک پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی ۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ وکلاء قانون اور آئین کی بالا دستی کے لئے کیے جانے والے حکومتی اقدامات کی حمائت کریں۔

یہ بات اُنہوں نے ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے وکلاء کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔وکلاء سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مشرف کا مقدمہ ذاتی یا انفرادی عناد کی بنیاد پر نہیں چل رہا بلکہ یہ ایک آئینی تقاضہ ہے جسے پورا کرنا اداروں کے بقاء استحکام اور بالادستی کے لئے ضروری ہے۔اس ملک میں عدالتیں آزاد ہیں اور کوئی ادارہ یا فردواحد ان پر اثرانداز ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

(جاری ہے)

مشرف عدلیہ سے چشم پوشی کرکے اپنے انجام کو نہیں ٹال سکتے۔ ہم نے جمہوریت کی بقا اور اداروں کی بحالی کی جنگ لڑی ہے جس میں وکلا ء نے کلیدی کردار ادا کیا۔ آج پھر ہماری قوم اسی قسم کے مسائل سے دوچار ہے اورضرورت اس امر کی ہے کہ ہم پھر اسی طرح کے جوش و جذبہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی اور فرقہ پرستی سے مسائل کے خلاف جہاد کرکے اس ملک کو امن و آتشی کا گہوارہ بنائیں۔