جعلی ڈگری کیس ،سپریم کورٹ کا عارف گل کو رپورٹ جمع کرانے کا حکم

جمعرات 23 جنوری 2014 17:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے عارف گل کی جعلی ڈگری کیس میں ایچ ای سی کو ایف آے اور بی اے کی ڈگری سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ جمعرات کو چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پی پی 59 سمندری، فیصل آباد سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عارف گل کی جعلی ڈگری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل ایڈوکیٹ راجہ عامر عباس نے موقف اختیار کیا کہ عارف گل کے پاس انٹرمیڈیٹ کی ڈگری جعلی ہے،عارف گل نے ایک ہی سال میں انٹرمیڈیٹ کے 2 امتحانات دئیے ہیں۔ایک امتحان ریگولر دیا جبکہ دوسرا پرائیوٹ حیثیت میں دیا، عارف گل نے جو امتحان خود دیا وہ اس میں فیل ہو گئے، متعلقہ دسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ڈگری کو جعلی قرار دیا، عامر عباس نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے عامر گل کے خلاف کاروائی کا حکم دیا تاہم کاروائی نہیں کی گئی، عارف گل نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کیا، عارف گل کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 2003 میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ فیصل آباد نے عارف گل کی ڈگری کو درست قرار دیا تھا۔

(جاری ہے)

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ایچ ای سی کو عارف گل کی ایف آے اور بی اے کی ڈگری سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔ عدالت نے چیئرمین فیصل آباد تعلیمی بورڈ اور رجسٹرار بہاوٴالدین زکریا یونیورسٹی کو معاونت کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ اگر تعاون کرنے میں ناکام رہے تو دونوں افسران آئندہ سماعت پر خود پیش ہوں کیس کی سماعت 17 فروری کو دوبارہ ہو گی۔

متعلقہ عنوان :