کوٹلی کے قریب ٹریفک کا المناک حادثہ‘ 3 خواتین اور ایک مرد جاں بحق‘14افراد زخمی

جمعرات 23 جنوری 2014 13:33

کوٹلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء) عرس میں شرکت کیلئے آنے والی زائرین کی گاڑی حادثے کا شکارہو گئی‘ تین خواتین اور ایک مرد جاں بحق جبکہ 14 افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ چھ ماہ کا بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا- تفصیلات کے مطابق عرس شریف میں مائی صاحبہ کے سالانہ عرس کے موقع پر شرکت کیلئے آنے والی بدقسمت شہ زور RL-9678 رحمان برج پر حادثے کے باعث نالہ بان میں جاگری جس کے باعث ذوالفقار شاہ ولد ضمیر شاہ سکن پلٹ سیداں‘ فضیلت ولد غلام عباس ساکن سرناہ سنہہ ‘جمیلہ زوجہ زیارت موقع پر جاں بحق جبکہ تعظیم زوجہ آصف‘ سرزش دختر محمد شفیق‘ عابدہ دختر رشید‘ سدرہ دختر یاسین‘ فرزانہ دختر عبدالعزیز ‘عظمی دختر رشید‘ نازیہ رشید‘ نائیلہ زوجہ عبدالرشید‘ رستم دختر غلام رسول ‘ بانو دختر عبدالعزیز ‘ طزارت ولد اورنگزیب‘ امیر قابل ولد جپوت خان شدید زخمی ہو گئے -زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیاگیا- حادثے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی- ضلعی انتظامیہ کے اعلی عہدیداروں سمیت مشیر حکومت چوہدری الیاس کے علاوہ مقامی لوگ بڑی تعداد میں ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے اور زخمیوں کیلئے خون کے عطیے کئے جبکہ بدقسمت شہہ زور کے حادثے میں چھ سالہ بچہ معجزانہ طور پر مضبوط رہا اس کی والدہ طیبہ تاحال بے ہوش ہے-