آزادکشمیر میں جنگلات کے تحفظ اور افزائش کے مانیٹرنگ سسٹم کو موثر بنایا جائے ‘وزیر اعظم کی ہدایت

جمعرات 23 جنوری 2014 13:33

برسالہ +کوہالہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء)وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے ہدایت کی کہ آزادکشمیر میں جنگلات کے تحفظ اور افزائش کے مانیٹرنگ سسٹم کو موثر بنایا جائے اور جنگلات کے ناجائز کٹاؤ اور سرکاری جنگلات پر قبضے کا سدباب کیاجائے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ محکمہ جنگلات کے ایک انچ رقبہ اورکسی درخت کی ایک ٹہنی کے کٹاؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

محکمہ جنگلات لینڈ سلائیڈنگ کے سدباب کے لیے روڈ کے کناروں پر شجرکاری کریں۔ اس کے لیے حکومت فنڈنگ کرے گی۔ وزیر اعظم آزادکشمیرنے محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام قائداعظم میموریل،قائداعظم میوزم کے سبزہ زار پر شجرکاری کی اختتامی تقریب کے موقع پر خطاب کررہے تھے اس موقع پر وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب، وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید، سیکرٹری جنگلات سردار نواز،ناظم اعلیٰ جنگلات ملک یونس،ناظم جنگلات عبدالروف قریشی، ڈی ایف او جہلم ویلی اسد ملک،ڈی ایف او مظفرآبادمقبول حسین شاہ،ناظم ڈی ایف مجتبیٰ ا حمد اور جنگلات کے دیگر آفیسران واہلکاران ،معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجودتھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری جنگلات سردار محمد نواز نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ آزادکشمیر میں محکمہ جنگلات کے مختلف منصوبہ جات ،عوام، محکمہ جنگلات اور افواج پاکستان کے ذریعے 34لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔سیکرٹری جنگلات نے کہاکہ تجدید جنگلات درآزادکشمیر منصوبہ مربع انصرام اراضی پاور ٹی ریڈنگ پروٹیکشن کے تحت 18ہزار ایکڑ رقبہ پر شجر کاری کی جاے گی۔

وزیر اعظم آزادکشمیرنے اس موقع پر محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ وہ دور دراز پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خاتمہ کے لیے بھرپور شجر کاری کی جائے۔وزیر اعظم آزادکشمیرنے کہاکہ کوہالہ ،مظفرآباد ایکسپریس وے پر خصوصی طور پر لینڈ سلائیڈنگ کے خاتمہ کے لیے پودے لگائے جائیں اور ان پودوں کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں -