ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے صدر کی وفد کے ہمراہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے ملاقات

جمعرات 23 جنوری 2014 13:32

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے صدر سردار اعجاز نذیر ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری چوہدری عبدالرزاق اور ممبر بار محمد علی خضر ایڈووکیٹ نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخارمحمد چوہدری کے ساتھ اُن کے گھر میں ملاقات کی اور اُن کا ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کی دعوت پر میرپور آزاد کشمیر میں تشریف لانے پر شکریہ اد ا کیااور اُن کی قانون کی حکمرانی ، عدل وانصاف کی فراہمی اور جمہوریت کی بحالی کے لئے خدمات کو سراہا اور کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان افتخارمحمد چوہدری جیسے انسان صدیو ں بعد پیدا ہوتے ہیں اور ملکوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنے دور میں عدلیہ میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا اور آنے والوں کو راستہ دکھایا کہ عدلیہ تمام ملک کے اداروں سے بالا تر ہے اور کوئی بھی ملک عدلیہ کے رول کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور عوام کی توجہ اور اُمیدوں کا مرکز ہمیشہ سے عدلیہ رہی ہے اور اُن کی اُمیدوں کو پورا کرنے میں عدلیہ نے نمایاں کردار ادا کیا اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور نے پاکستان کی عدلیہ کا شایانِ شان استقبال کیا جس کے لئے ہم اُن کے شکر گزار ہیں اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے عدلیہ بحالی تحریک میں جس اہم اور تاریخی رول کو ادا کیا اُس کا اعادہ اس پروگرام میں کر دکھایا آزاد کشمیر بھر کے وکلاء صدورو جنرل سیکرٹری صاحبان، ممبر بار کونسل وائس چیئرمین آزاد کشمیر کی عدلیہ کے اراکین اور چیف جسٹس آف آزاد کشمیر سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ و جج صاحبان سپریم کورٹ و ہائی کورٹ اور ماتحت عدلیہ کے جج صاحبان نے جس طریقہ سے میرپور ڈسٹرکٹ کورٹس کے احاطہ میں اُن کا گرمجوشی سے استقبال کیا اس نے تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر کے عوام اپنا حق خود ارادیت حاصل کر کے رہیں گے اور پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور تاریخی طور پر ان کا رشتہ قدیم اور مضبوط ہے آزاد کشمیر کے وکلاء نے بحالی عدلیہ کی تحریک میں جس جوش و خروش کا اظہار کیا وہ قابلِ تحسین ہے اور ان کو ہمیشہ سے تاریخ میں یا درکھا جائے گا۔ میرپور بار نے اُس دو ر میں بھی اپنا رول نمایاں ادا کیا اور بھرپور انداز میں ڈسٹرکٹ کورٹس میرپور میں سپریم کورٹ پاکستان ، ہائیکورٹ ،وفاقی شرعی عدالت کا جو استقبال کیا اور آزاد کشمیر اور پاکستان کے وکلاء برادری کو ایک جگہ جمع ہونے کا موقع دیا میرپور بار اس کے لئے قابلِ صدستائش ہے اور آئندہ بھی آزا دکشمیر اور پاکستان کے وکلاء اور ممبران عدلیہ کے درمیان اسی قسم کے تعاون اور تعلقات کی استواری کی اُمید کی جاتی ہے اس موقع پر نو منتخب صدر اسلام آباد بار و دیگر ممبران اسلام آباد بار بھی موجود تھے ۔