غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی معیشت میں دلچسپی ظاہر کررہے ہیں ، چیئر مین سرمایہ کاری بورڈ،سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پہلے پاکستانی سرمایہ کاروں کو آگے آنا ہو گا ،وفاق صوبوں کو سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں معاونت فراہم کریگا ،ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 22 جنوری 2014 21:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 جنوری ۔2014ء) چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی معیشت میں دلچسپی ظاہر کررہے ہیں ، سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پہلے پاکستانی سرمایہ کاروں کو آگے آنا ہو گا ،وفاق صوبوں کو سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں معاونت فراہم کرے گا۔صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ( ن) کی حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات کی بدولت پہلے تین ماہ میں شرح نمو 5 فیصد ریکارڈ کی گئی جو انتہائی حوصلہ افزا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے سلسلے میں بھارت کے ساتھ تجارت کیلئے منفی فہرست کو مزید محدود کیا جائیگا،جنوبی ایشیا میں آزاد تجارت کے معاہدہ کے تحت رکن ممالک کو ایک دوسرے کو آزادانہ اور ترجیحی تجارت کی سہولت دینی ہے ، ہر ملک کو 100 آئٹمز کو حساس فہرست دینے کی سہولت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک بڑا ملک ہے اسے ہمسائیہ ممالک کے ساتھ تجارت کے حوالے سے بڑے پن کا مظاہرہ کرنا چاہیے،ہم آزاد تجارت پر یقین رکھتے ہیں ،اس سلسلے میں جتنا بھارت آگے بڑھے گا ہم بھی اتنا آگے بڑھیں گے۔

ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں پاکستانی سٹاک مارکیٹ میں کاروبار میں اضافے سے سرمایہ کاروں کو مثبت پیغام ملا ہے، بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے سے کاروبار مزید بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال نجکاری کے لئے موزوں ہے اور اب اس سے پہلے کی نسبت زیادہ آمدنی کی توقع ہے۔چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ وفاق صوبوں کو سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں معاونت فراہم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :