Live Updates

جمہوریت کا تقاضا ہے بھاری مینڈیٹ کی حامل پی ٹی آئی کو صوبے میں پورا موقع دیا جائے،عنایت اللہ،حکومت نے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے ،قومی دولت کے لوٹنے والوں کو قانون کے شکنجے میں کسنے اور شفاف نظام متعارف کرانے کیلئے ایک بااختیار اور آزاد احتساب کمیشن کا قیام عمل میں لایا ہے، وزیر بلدیات خیبرپختونخوا

بدھ 22 جنوری 2014 21:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 جنوری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات عنایت الله خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی مخلوظ حکومت سے صوبے کے عوام کو بڑی امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں اور جمہوریت کا تقاضا ہے کہ بھاری مینڈیٹ کی حامل پی ٹی آئی کو صوبے میں پورا موقع دیا جائے تاکہ وہ پارٹی منشور پر عمل پیرا ہو کر عوام کی خواہشات کے مطابق ڈیلیور کرسکے۔

تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کا نظریہ قدر مشترک ہے اور یہ یہ نظریہ بیرونی تسلط اور غلامی سے آزادی اور اپنے پالیسیوں اور فیصلوں پر مکمل خود مختاری کا حصول ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک روزہ دورہ کوہاٹ کے موقع پرباچا خان لائبریری میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چےئرمین ڈیڈک ضیاء الله بنگش ایم پی اے ،ضلعی صدر جماعت اسلامی صاحبزادہ پیر محمد فہیم، ضلعی صدر پی ٹی آئی ہمایون چاچا، سی ایم او محمدشعیب اورجماعت ا سلامی کے ضلعی رہنما محمد عابداور کارکنوں کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ حکومت نے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے ،قومی دولت کے لوٹنے والوں کو قانون کے شکنجے میں کسنے اور اور شفاف نظام متعارف کرانے کے لئے ایک بااختیار اور آزاد احتساب کمیشن کا قیام عمل میں لایا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ چھ ماہ میں رائٹ ٹو انفامیشن اوررائٹ ٹو پبلک سروسزسمیت چار قوانین منظور کرائے ہیں جن کے نفاذ سے عام آدمی کو اپنے آئینی حقوق کے حصول سے متعلق بڑا فائدہ ہو گا۔

بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا ذکر کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی نظام کی بھرپور حامی ہے اویہ انتخابات نہایت اہمیت کے حامل ثابت ہونگے کیونکہ اسکے کامیاب انعقاد کے بعدتمام اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوجائیں گے اور نئے نظام کے تحت منتحب ہونے والے نمائندوں کو ترقیاتی منصوبوں کے اجر اء کے لئے 30%بجٹ شےئر بھی فراہم کیا جائیگا۔

عنایت الله خان نے کہا کہ نئے نظام کے تحت صوبے بھر سے50ہزار کونسلر منتحب ہونگے جو ایک بڑاانقلابی اقدام ہے۔انہوں نے ورکروں پر زور دیا کہ وہ ان انتحابات میں اچھی شہر ت کے حامل اور بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار نمائندوں کا چناؤ کریں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کے تحت صوبے کی سطح پر قائم اتحاد کو مذید مضبوط بنایا جائیگا۔خطبہ استقبالیہ میں پیش کئے گئے مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر بلدیات نے تمام منصوبوں کی فزیبیلٹی رپورٹ تیار کرنے کاحکم دیا تاکہ انہیں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے۔

چےئر مین ڈیڈک ضیاء الله بنگش نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اورجماعت اسلامی کے مشترکہ اتحاد کی بدولت کوہاٹ میں بلدیاتی انتحابات میں کلین سویپ کرینگے۔انہوں نے کہا کہ بہت جلدپی ٹی آئی اورجماعت اسلامی کے زیر اہتمام کوہاٹ میں گرینڈ کنونشن کا انعقاد کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ انکی سیاست کا محور کوہاٹ میں انتحابی نعرے کی روشنی میں تبدیلی لانا ہے۔

کنونشن سے سابق کنوینر ضلع کونسل حاجی سردارنے نئے بلدیاتی نظام میں نمائندوں کے انتحاب کے طریقہ کار پرروشنی ڈالی۔ضلعی صدر جماعت اسلامی پیر محمدفہیم نے سپانامہ پیش کرتے ہوئے کئی مسائل کی نشاندہی کی جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن کے ڈویژنل صدر اعجاز احمد نے فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے مختلف پروگراموں پر روشنی ڈالی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات