دہشت گردی اور انتہاء پسندی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جائے ،آصف علی زرداری ،سندھ میں پیپلزپارٹی کے رہنما اور کارکنان عوام سے رابطوں کو بڑھائیں،سابق صدرسے وزیر اعلیٰ سندھ ،فریال تالپور اور دیگر کی ملاقات

بدھ 22 جنوری 2014 21:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 جنوری ۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے بدھ کو بلاول ہاوٴس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدر و رکن قومی اسمبلی فریال تالپور ،سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک اور وزیر جیل خانہ جات سندھ منظور حسین وسان نے ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک خصوصاً صوبے کی سیاسی صورتحال ،بلدیاتی انتخابات ،امن و امان کی صورتحال ، کراچی میں جاری جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن ،مختلف جماعتوں سے ورکنگ ریلیشن شپ کے قیام ،تنظیمی امور اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے سابق صدر کو حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں امن و امان کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے ہدایت کی کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کی صورتحال کوبہتر بنانے اور دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جائے اور عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔

سابق صدر نے کہا کہ ملک کو اس وقت دہشت گردی اور انتہاء پسندی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے ۔ان مسائل سے نکلنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں اور معاشرے کی تمام اکائیوں کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا ۔ذرائع کے مطابق سابق صدر نے پارٹی رہنماوٴں کو ہدایت کی کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کے رہنما اور کارکنان عوام سے رابطوں کو بڑھائیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کریں ۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ کراچی میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں اور عوام کے مسائل کو حل کرکے ان کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ کراچی میں انسداد پولیو مہم کے ورکرز کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور جامع حکمت عملی کے تحت پولیو مہم کو جاری رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کی مضبوطی اور ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے پیپلزپارٹی تمام جماعتوں سے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنائے گی ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ بلدیاتی نظام اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے صوبائی حکومت تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر اقدامات کرے ۔