کراچی کے علاقے لیاری میں ایک بار پھر گینگ وار کے ملزمان آزاد، فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق

بدھ 22 جنوری 2014 18:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جنوری۔2014ء) لیاری میں ایک مرتبہ پھر گینگ وار گروپوں کے درمیان مسلح تصادم میں شدت آگئی ہے اور مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دستی بم حملوں میں کمسن بچے سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق لیاری کے مختلف علاقوں میں گینگ وار گروپوں کے کارندے ایک بار پھر سرگرم ہوگئے ہیں اس دوران دونوں گروپوں کی جانب سے ایک دوسرے پر فائرنگ اوردستی بموں سے حملے کئے گئے جس کی زد میں آکر کلری میں جونا مسجد کے قریب 3 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے،چاکیواڑا کی جھٹ پٹ ارکیٹ کے قریب بھی فائرنگ سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔

اس سے قبل اسی علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

کلری کے علاوہ شاہ بیگ لین، کلاکوٹ اور چاکیواڑہ میں بھی مسلح افراد ایک دوسرے پر فائرنگ اور راکٹ حملے کررہے ہیں، مسلح افراد جدید ترین ہتھیاروں کے ساتھ سڑکوں پر گشت کررہے ہیں جبکہ پولیس اور رینجرز کا کوئی اہلکار موجود نہیں جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور وہ اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔واضح رہے کہ لیاری میں عزیر بلوچ اور بابا لاڈلہ کے درمیان کئی ماہ سے مسلح لڑائی جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک کئی افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :