سی ٹی او کاسگنل فری منصوبے فیروز پور روڈ کے متبادل ٹریفک پلان کا دورہ

بدھ 22 جنوری 2014 14:11

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء)چیف ٹریفک آفیسرلاہور سہیل چوہدری نے ڈویژنل اور سرکل افسران کے ہمراہ سگنل فری جنکشنز برائے قینچی چونگی،غازی روڈ اور خیرہ( چونگی امرسدھو) فیروز پور روڈ کا دورہ کیا ،سرکل افسران نے قصور،کاہنہ اور والٹن/ڈی ایچ اے کی طرف سے فیروز پور روڈ پر آنے والی ٹریفک کیلئے تشکیل دیئے جانے والے متبادل جامع ٹریفک پلان بارے مفصل بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے غازی روڈ، والٹن روڈ/ڈی ایچ اے ،چونگی امرسدھو اور اس سے متبادل اور ملحقہ روڈ ز پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے سرکل افسران کو ہدایت کی کہ وہ متبادل راستوں پر قائم تجاوزات مقامی لوگوں کے تعاون سے فوری طور پر ہٹائیں اورشہریوں کو متبادل راستوں بارے آگاہی اور راہنمائی کیلئے ٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ انہوں نے انچارج سٹی ٹریفک ریڈیو 88.6کو ہدایت کی تعمیراتی کام شروع ہونے پر ہر دو منٹ بعد سگنل فری جنکشنز برائے قینچی چونگی،غازی روڈ اور خیرہ( چونگی امرسدھو) فیروز پور روڈ کے ڈائیورشن پلان بارے پیغامات نشر کریں تاکہ شہری ٹریفک پلان کے مطابق سفر کرتے ہوئے اپنی راہ پر گامزن رہیں۔شہر یوں کی راہنمائی کیلئے سٹی ٹریفک پولیس ہیلپ لائن042-1915پر چوبیس گھنٹے کام کرتی رہے گی ۔