چارسدہ میں پولیس وین کےقریب دھماکےسے6 اہلکاروں سمیت7افراد جاں بحق

بدھ 22 جنوری 2014 11:22

چارسدہ میں پولیس وین کےقریب دھماکےسے6 اہلکاروں سمیت7افراد جاں بحق

چار سدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء) سرڈھیری بازار میں پولیس موبائل کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 2اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق ڈی پی او چار سدہ کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کے لئے جا رہے تھے کہ نواحی علاقے سرڈھیری بازار میں پولیس موبائل کے قریب دھماکےکے نتیجے میں 6 اہلکاراور ایک بچہ جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والا بچہ اسکول جا رہا تھا، دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی بھی ہوئے اور پولیس موبائل کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور جیسے ہی پولیس موبائل سائیکل کے قریب سے گزری تو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے سے دھماکہ کردیا گیا، دھماکے میں 3 سے 4 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

(جاری ہے)

دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال چارسدہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری کو طلب کر کے علاقے کا محاصرہ کر لیا گیا ہے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ چکا ہے۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت اعظم، اکرم گل، وصال، خواجہ محمد، گلشاد اور کاشف کے ناموں سے ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :