وزیراعظم قوم سے خطاب کرکے دہشتگردوں کے خلاف لائحہ عمل کا اعلان کریں، الطاف حسین

منگل 21 جنوری 2014 22:44

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری۔2014ء) ایم کیو ایم کے قاد الطاف حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف آئندہ 24 گھنٹوں میں قوم سے خطاب کرکے دہشت گردوں کے خلاف اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں۔الطاف حسین نے ایک بیان میں کہا کہ طالبان اور ان کی حلیف دہشت گرد جماعتیں کئی روز سے متواتر ملک بھر میں دھماکے کررہی ہیں جن میں معصوم شہریوں کے ساتھ ساتھ پولیس اور فوج کے جوان اور افسران بھی شہید ہورہے ہیں لیکن افسوس کہ وفاقی حکومت دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے کسی ٹھوس لائحہ عمل کا اعلان نہیں کررہی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کے رفقائے کار دہشت گردی کے ہر واقعے پر صرف مذمتی بیانات جاری کرکے یہ سمجھ رہے ہیں ان کی ذمہ داری پوری ہوگئی۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ آج پوری قوم وزیر اعظم کے خطاب کا بے چینی سے انتظار کررہی ہے، اگر موجودہ حکومت نے دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف کوئی واضح اور ٹھوس عملی اقدام اٹھانے کا اعلان نہیں کیا تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ طالبان پاکستان پر اپنے غیر اعلانیہ قبضے کو جلد ہی اعلانیہ قبضے میں تبدیل کرکے پورے ملک پر قابض ہوجائیں گے۔

الطاف حسین نے سانحہ مستونگ کے خلاف سوگوار تنظیموں کی جانب سے 3 روزہ سوگ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ حق پرست کارکنان وعوام سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے 3 روزہ سوگ میں بھرپور شرکت کریں گے۔