قطر کے ساتھ پاکستان کے قریبی اور خوشگوار تعلقات کے مزید استحکام پر توجہ مرکوز کریں ،صدر کی نامزد سفیر کو ہدایت ، قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی اور قطر کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی میں اپنا فعال کردار ادا کریں ، ممنون حسین گفتگو

منگل 21 جنوری 2014 22:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے قطر میں نامزد سفیر شہزاد احمد کو ہدایت کی ہے کہ قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی اور قطر کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔وہ منگل کو قطر کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر شہزاد احمد سے یہاں ایوان صدر میں ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے صدر نے شہزاد احمد کو ان کی نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ قطر کے ساتھ پاکستان کے قریبی اور خوشگوار تعلقات کے مزید استحکام پر توجہ مرکوز کریں۔

صدر نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ مایا قدرتی گیس (ایل این جی) کے شعبہ میں پاک قطر تعاون کے فروغ اور پاکستان سے قطر کیلئے مزید افرادی قوت بھجوانے پر توجہ دیں۔ صدر ممنون حسین نے ان پر زور دیا کہ وہ مختلف شعبوں بالخصوص توانائی، تیل وگیس اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے موجودہ حکومت کی طرف سے پیش کردہ مراعاتی پیکج سے استفادہ کیلئے قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی اور قطر کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

صدر نے امید ظاہر کی کہ نامزد سفیر اپنے وسیع تجربے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قطر کے ساتھ پاکستان کے تجارتی اور اقتصادی روابط کے مزید استحکام کے لئے پوری لگن سے کام کریں گے۔ نامزد سفیر شہزاد احمد نے اعتماد کا اظہار کرنے پر صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ قطر کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارتی، کاروباری اور سرمایہ کاری روابط کے فروغ کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔

متعلقہ عنوان :