بھارتی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قاتلوں سمیت 15 ملزمان کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا

منگل 21 جنوری 2014 22:15

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) بھارتی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قاتلوں سمیت 15 ملزمان کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے سزائے موت کے قیدیوں کی رحم کی اپیل پر صدر مملکت کی جانب سے کوئی فیصلہ نہ کئے جانے کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی، درخواست گزاروں میں مقتول بھارتی وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کے الزام میں سزا یافتہ 3 ملزمان بھی شامل تھے ۔

عدالت نے سماعت کے بعد قرار دیا کہ رحم کی اپیل کے بارے میں بروقت فیصلہ کرنا صدر مملکت اور ریاست کے گورنروں کا اختیاری معاملہ نہیں بلکہ ان کی آئینی ذمہ داری ہے کیونکہ سزا یافتہ قیدیوں کے بھی حقوق ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ رحم کی اپیلوں پر کوئی فیصلہ کرنے میں طویل تاخیر سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کا جواز ہو سکتی ہے، اعصابی بیماری اور طویل قید تنہائی بھی عمر قید کی سزا کو کم کرنے کا سبب ہو سکتی ہے اس کے علاوہ رحم کی اپیل مسترد ہونے کی صورت میں قیدی کو مطلع کئے جانے اور اسے پھانسی دیئے جانے کے درمیان کم از کم 14 دنوں کا وقفہ ہونا چاہئے، تاکہ قیدی کو موت کا سامنا کرنے کے تیار ہونے کا وقت مل جائے اور اس کے ساتھ ہی وہ اپنے عقیدے کے اعتبار سے عبادت کرسکے جبکہ اس مدت میں اس کی قابل عمل وصیت بھی پوری کی جا سکتی ہے اور اسے اپنے گھر والوں سے ملنے کا موقع ملے گا۔

متعلقہ عنوان :