پشاور صرافہ بازار کے آتشزدگی سے متاثرہ دکانداروں کے ذمہ واجب الادا کرائے معاف کر دیئے ہیں، حاجی حبیب الرحمن،دکانوں کی تعمیر کے بعد متاثرین کو دکانیں دینے میں ترجیح دی جائیگی، وزیر زکواة خیبرپختونخوا

منگل 21 جنوری 2014 20:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اوقاف،زکواة و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمان نے صرافہ بازار پشاور کے آتشزدگی سے متاثرہ دکانداروں کے ذمہ واجب الادا کرایوں کو معاف کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا ہے کہ صوبائی حکومت انکے کاروبار کی بحالی اور ہونے والے نقصانات کی تلافی کی ممکنہ حد تک کوششیں کرے گی۔یہ بات انہوں نے منگل کے روز صرافہ بازار کے دکانداروں کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر سیکرٹری اوقاف یونس جاوید،ایڈمنسٹریٹر اوقاف محمد ارشاد خان،تاجر راہنماحاجی حلیم جان اور جہانگیر غفران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ آتشزدگی کی وجہ معلوم کرنے کے لئے ایک تفصیلی رپورٹ مرتب کریں تاہم انہوں نے کہا کہ جب تک متاثرہ دکاندار اپنی دکانوں کا ملبہ ہٹا نہیں لیتے انکوائری کرنے سے گریز کیا جائے تاکہ وہ اپنا بچا ہوا مال محفوظ طریقے سے ملبے کے ڈھیر سے نکال سکیں۔

(جاری ہے)

وفد کے اس مطالبے کے جواب میں کہ متاثرہ دکانداروں کو اوقاف کی مذکورہ اراضی پر از خود دکانوں کی تعمیر کی اجازت دی جائے حاجی حبیب الرحمان نے کہا کہ اس ضمن میں قانونی پیچیدگیاں آڑے آتی ہیں اور محکمہ اوقاف مروجہ قوانین سے انحراف نہیں کر سکتا تاہم انہوں نے متاثرہ دکانداروں کو باور کرایا کہ دکانوں کی از سر نو تعمیر کے بعد دکانیں دینے میں انہیں ترجیح دی جائے گی۔