معاشرے کے غریب افراد کی ضروریات کو پورا کیا جائیگا،چیئرمین بی آئی ایس پی، سرمایہ کاری کرنا اور غربت میں کمی کی موثر اسکیم کیلئے ضروریات کے مطابق حکمت عملی کو فروغ دینا ہو گا، انور بیگ

منگل 21 جنوری 2014 20:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے بارے میں سفارتی کور کیلئے ایک پریزنٹیشن کا اہتمام بی آئی ایس پی سیکرٹریٹ میں کیا گیا۔اس تقریب کی میزبانی چیئرمین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام انور بیگ نے کی اور سفارتی کور کے ممبران ، ڈونراداروں کے نمائندگان، ارکانِ پارلیمنٹ اور میڈیا کے حضرات نے اس میں شرکت کی۔

اپنے ابتدائی کلمات میں چیئرمین انور بیگ نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی حکومت کا یہ مشن ہے کہ معاشرے کے غریب افراد کی ضروریات کو پورا کیا جائے۔موجودہ حکومت کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لئے بڑھتی ہوئی معاونت وزیراعظم نوازشریف کی غربت کے خلاف جنگ کے عزم کا نہ صرف مظہر ہے بلکہ یہ ہماری سیاسی مفاہمت کی حکمت عملی کو فروغ دینے اور جمہوریت کے عمل کو ہموار کرنے کے وعدہ کا اظہار بھی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات کا اضافہ کیا کہ بی آئی ایس پی صدر مملکت ممنون حسین کی سرپرستی و نگرانی اور وزیراعظم نواز شریف کی مسلسل حوصلہ افزائی ومددکی وجہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منشور کے مطابق بی آئی ایس پی ایک شفاف اور جامع سماجی تحفظ کے پروگرام کی طرف اپنا سفر جاری رکھنے کیلئے تیار ہے۔اپنی تقریر کے دوران چیئرمین بی آئی ایس پی نے ملک میں ایک جامع سماجی تحفظ کا نیٹ ورک قائم کرنے کے حوالے سے اپنی بصارت اور منصوبہ بندیوں کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے حوالے سے موجودہ حکومت کا ایجنڈاغریب ترین افراد کو مشروط اور غیر مشروط مالی معاونت پہنچانا، لوگوں کی صلاحیتوں کے حوالے سے سرمایہ کاری کرنا اور غربت میں کمی کی موثر اسکیم کیلئے ضروریات کے مطابق حکمت عملی کو فروغ دینا ہو گا۔چیئرمین بی آئی ایس پی نے صوبوں کے ساتھ بہتر تعاون کی اہمیت پر زور دیا اورملک کے مختلف وفاقی یونٹوں کی شمولیت کو ممکن بنانے کے حوالے سے مختلف اقدامات کا ذکر کیا۔

انہوں نے پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے بی آئی ایس پی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اپنے صوبے میں اسی طرح کا ایک پروگرام قائم کرنے کے حوالے سے انتظامیہ سے مدد کے لئے کہاہے۔چیئرمین نے سامعین کو بتایا کہ اس سلسلے میں ایک مفاہمت کی یاداشت پر جلد ہی دستخط کر دیئے جائیں گے۔بی آئی ایس پی پر پریزنٹیشن سیکرٹری بی آئی ایس پی کی طرف سے دی گئی۔

اپنی پریزنٹیشن میں سیکرٹری بی آئی ایس پی نے تمام سائنسی طریقہ کار کا ذکر کیا جن کو مستحقین کی بہتر ہدف بندی کو ممکن بنانے ، فنڈز کی فراہمی کو موثر کرنے اور شکایات کے ترسیل کے طریقہ کار کوکارگر کرنے کے لئے بی آئی ایس پی نے اختیار کیا ہے۔اپنی پریزنٹیشن میں سیکرٹری بی آئی ایس پی نے بی آئی ایس پی کے حوالے سے مستقبل کی منصوبہ بندی کا ذکر کیا جس سے شفافیت کو ممکن بنایا جائے گا اور مختلف اقدامات کے واضح نتائج مختص کرتے ہوئے فنڈز کے استعمال کو موثر بنایا جائے گا۔

اس موقع پر چیئرمین بی آئی ایس پی نے سامعین کی پاکستان میں سماجی تحفظ کے موثر اقدامات کے ذریعے غربت کی کمی کے حوالے سے مسلسل امداد اور مالی معاونت کی کوششوں کو سراہا۔انور بیگ نے اس بات کو دوہرایا کہ وزیراعظم نواز شریف کی سربرآہی میں یہ پروگرام آگے بڑھے گا اور ملک میں ایک پُراثر سماجی تحفظ کا نظام نافذ ہو گا، جو حقیقت اس سے بھی واضح ہے کہ غیر مشروط مالی معاونت کو موجودہ حکومت کی جانب سے بڑھا کر ایک ہزار سے بڑھا کر بارہ سو روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :