Live Updates

ڈرون حملوں کیخلاف تحریک انصاف کے دھرنے کو دو ماہ مکمل،تحریک تیسرے مہینے میں داخل ہو جائیگی،منگل کو انصاف یوتھ ونگ نے دھرنا دیا،ملک میں امن کے قیام اور شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے ختم قرآن کا اہتمام

منگل 21 جنوری 2014 19:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف جاری دھرنے کو دو ماہ مکمل ہو گئے،ڈرون حملوں کیخلاف تحریک اور دھرنا آج تیسرے مہینے میں داخل ہو جائینگے۔منگل کو دھرنے کے 60ویں روز انصاف یوتھ ونگ ضلع پشاور نے ضلعی صدر سجاد بنگش کی قیاد ت میں دھرنا دیا جبکہ بابائے دھرنا فیاض خلیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

نوجوانوں کی بڑی تعداد نے دھرنے میں شرکت کی اور ملک میں امن کے قیام اور بد امنی کے واقعات میں شہید ہونیوالے عوام،فورسز اور میڈیاسمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے ختم قرآن پاک کا اہتمام بھی کیا گیا۔شرکاء نے ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی ریلی بھی نکالی۔اس موقع پر نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انصاف یوتھ ونگ کے ضلعی صدر سجاد بنگش نے کہا کہ ڈرون حملے بند ہونے تک دھرنا جاری رہیگا اور اگر سالوں تک بھی دھرنا دینا پڑا تو پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کومجبور کر دینگے کہ امن کے قیام کیلئے ڈرون حملے رکوائے اور مذاکرات کی طرف بڑھے۔اگر مذاکرات میں دیر نہ کی جاتی تو شاید اب تک حالات قدرے بہتر ہو جاتے۔انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان بالخصوص نوجوان پارٹی چیئرمین کی کال پر ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔نوجوانوں نے ختم قرآن پاک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جس کے بعد شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔آج بروزبدھ تحریک انصاف فاٹا دھرنا کیمپ میں ڈیوٹی دیگی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات