مقتول بچیوں کے مظلوم خاندانوں کو ہر قیمت پر انصاف دلایا جائے گا، ملزم قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے‘شہبازشریف،وزیراعلیٰ سے تشدد سے جاں بحق ہونے والی بچیوں عذرا اور فضہ کے ورثاء کی ملاقات،5، 5 لاکھ روپے فی کس مالی امداد کا اعلان

منگل 21 جنوری 2014 18:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے تشدد کے باعث جاں بحق ہونے والی بچیوں عذرا بتول اور فضہ بتول کے ورثاء نے آج یہاں ملاقات کی اور انہیں تشدد کے افسوسناک واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مقتول بچیوں کے غمزدہ ورثاء سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کے واقعات میں ملوث ملزمان قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔

مظلوم خاندانوں کو ہر قیمت پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں غمزدہ والدین کی بچیاں تو واپس نہیں لاسکتا لیکن انہیں انصاف دلانے کا وعدہ پورا کروں گا۔ بچیوں کو تشدد کرکے جاں بحق کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور مظلوم خاندانوں کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان کو ہدایت کی کہ وہ دونوں مقدمات میں تفتیش میں پیش رفت کا خود جائزہ لیں۔ انہوں نے ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن کو حکم دیا کہ وہ ہفتہ میں دو بار مقدمات میں تفتیش کے حوالے سے مجھے رپورٹ پیش کریں۔ وزیراعلیٰ نے مقتول بچیوں کے خاندانوں کیلئے 5، 5 لاکھ روپے فی کس مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔