قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں، انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مزیدموثر بنایا جائے ‘شہبازشریف،امن و ۱مان کے قیام سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی، امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پہلے بھی وسائل فراہم کیے ،آئندہ بھی کرینگے، دہشت گردی کے حالیہ واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہوا ہے‘وزیراعلیٰ کا اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

منگل 21 جنوری 2014 18:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امن و ۱مان کے قیام سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی۔ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے پہلے بھی وسائل فراہم کیے اور آئندہ بھی کریں گے۔دہشت گردی کے حالیہ واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔ دھماکو ں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہوا ہے۔

بدامنی کی آگ کو ٹھنڈا کرنے کیلئے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا۔ وہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری ہوم اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت یہ ذمہ داری نبھانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔

امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں جس میں پولیس کی جدید خطوط پر تربیت،اسلحہ سے لیس کرنااورخصوصی انسداد دہشت گردی فورس کا قیام شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنے فرائض جانفشانی سے سرانجام دے اور صوبے میں امن و امان کی فضا کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے۔

امن ہوگا تو ملک ترقی کرے گا اور خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے حالیہ واقعات کے تناظر میں پوری طرح چوکس رہیں۔ انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مزیدموثر بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مذہبی منافرت پھیلانے والو ں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ شرپسندو ں اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز، سراؤں اور دیگر پبلک مقامات کی خصوصی چھان بین کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائیں اور شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری ہوم اور انسپکٹر جنرل پولیس نے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :