دہشتگرد بزدلانہ حملے کر کے ہماری آئندہ نسلوں کو صحت اور تعلیم سے محروم کرنا چاہتے ہیں ،سابق صدر کی پولیو ورکرز پر حملے کی مذمت ،مجرموں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے ، مستقبل میں پولیوورکرز کی حفاظت یقینی بنائی جائے ، بیان

منگل 21 جنوری 2014 18:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) سابق صدر آصف علی زرداری نے منگل کی صبح کراچی میں پولیو ورکرز پر حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد بزدلانہ حملے کر کے ہماری آئندہ نسلوں کو صحت اور تعلیم سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ دہشتگردوں نے یہ بزدلانہ حملہ کر کے ثابت کر دیا کہ وہ ہماری آئندہ نسلوں کو صحت اور تعلیم سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔

انھو ں نے کہا کہ پولیو ورکرز پر حملہ کرنے کا مطلب بچوں کو معذور کرنے والی بیماری سے تحفظ کی فراہمی روکنا ہے۔

(جاری ہے)

یہی دہشتگرد ماضی میں اسکولوں کو بم سے تباہ کر رہے تھے اور کچھ عرصہ سے پولیو ورکرز پر حملے کر رہے ہیں۔ آصف علی زرداری نے ان ملک اور قوم دشمنوں کے خلاف قوم سے متحد ہونے کی اپیل کی۔ سابق صدر نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ مجرموں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے اور مستقبل میں پولیو ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ آصف زرداری نے پولیو ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز قوم کے ہیرو اور ہیروئن ہیں۔ انھوں نے خدا تعالیٰ سے مرحومین کی روح کے ایصالِ ثواب کی دعا کی اور غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :