پاکستان برونائی دارالسلام کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ،دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرینگے ، صدر ممنون حسین ،پاکستان برونائی کی اضافی افرادی قوت ضروریات پورا کرنے کے لئے تیار ہے ، ملاقات میں گفتگو ،وقت گزرنے کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مضبوط تر ہوں گے ،ہائی کمشنر برونائی

منگل 21 جنوری 2014 18:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان برونائی دارالسلام کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ،دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرینگے ،پاکستان برونائی کی اضافی افرادی قوت ضروریات پورا کرنے کے لئے تیار ہے۔منگل کو صدر ممنون حسین سے برونائی دارالسلام کے ہائی کمشنر کرنل (ر) حاجی رائیمی ملک بن حاجی وہاب نے ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں پاک برونائی دارالسلام دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر صدر نے کہا کہ پاکستان برونائی دارالسلام کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط کو مزید تقویت دینے کا خواہاں ہے۔ صدر نے دونوں ممالک کے درمیان موجود تجارتی اور سرمایہ کاری مواقع سے بھرپور استفادہ کے لئے دونوں اطراف کی جانب سے مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

برونائی میں پاکستانی برادری کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستانی ہنر مند افرادی قوت برونائی کی اقتصادی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان برونائی کی اضافی افرادی قوت ضروریات پورا کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ ترین سطح پر دوطرفہ روابط پاک برونائی باہمی تعلقات کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام برونائی کے سلطان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ برونائی کے ہائی کمشنر نے ملاقات پر صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ برونائی دارالسلام پاکستان کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وقت گزرنے کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مضبوط تر ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :