وزیر اعلیٰ سندھ کا پولیو ورکرز پر حملے کا نوٹس ،آئی جی سندھ کو پولیو ٹیموں کی حفاظت کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت ،تمام شہریوں اور خصوصاً معصوم بچوں کے تحفظ کیلئے دہشتگردوں اور پولیو کیخلاف جہاد جاری رکھا جائیگا ،سید قائم علی شاہ

منگل 21 جنوری 2014 18:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے قیوم آباد کراچی میں پولیو ٹیم پر کئے گئے حملے کے سخت مذمت کی ہے اور واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو کراچی میں خصوصاً پولیو ٹیموں کی حفاظت کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیم پر حملے کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں جن کو ہر صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردوں کی طرح پولیو وائرس کو بھی انسانیت کی دشمن سمجھتی ہے ،لہذا تمام شہریوں اور خصوصاً معصوم بچوں کے تحفظ کیلئے دہشتگردوں اور پولیو کے خلاف جہاد جاری رکھے گی۔انہوں نے پولیس انتظامیہ اور خصوصاً شہر کے تمام ایس ایچ اوز اور انٹیلجنس اداروں کو کہا ہے کہ وہ ان دہشتگردوں پر کڑی نظر رکھیں اور خصوصاً پولیو کے خلاف جہاد کرنے والے ورکروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔