شفاف نجکاری کے ذریعے معاشی خسارہ پر قابو پانے کا ایجنڈا مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا اپنا ایجنڈا ہے، وزیر مملکت برائے نجکاری و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر

پیر 20 جنوری 2014 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) وزیر مملکت برائے نجکاری و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے کہا ہے کہ شفاف نجکاری کے ذریعے معاشی خسارہ پر قابو پانے کا ایجنڈا مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا اپنا ایجنڈا ہے، اس کا آئی ایم ایف کے ایجنڈے سے کوئی تعلق نہیں، وزیراعظم محمدنواز شریف پاکستان کے معاشی مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ ہیں اور ان کا اپنے گزشتہ دونوں ادوار حکومت میں بھی یہی ایجنڈا تھا کہ مسلسل خسارے میں چلنے والے قومی اداروں کو ان کی اصل قیمت کے مطابق متعلقہ شعبوں کے ماہر پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلوبل میڈیا لنکس اور بیٹر پاکستان فورم کے تحت ”بزنس لیڈر شپ سمٹ اور چوتھے بین الاقوامی گلوبل سی ای او ایکسیلنس ایوارڈز اور ملٹی نیشنل سی ای او ایکسیلنس ایوارڈز“ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے فرنٹیئر ریجن کے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور گلوبل میڈیا لنکس کے ”سی ای او“ اور بیٹر پاکستان فورم کے صدر محمد مصدق عزیز نے بھی خطاب کیا۔

وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر نے کہا کہ میں پاکستان کی عوام کو یہ بھرپور یقین دہانی کرواتا ہوں کہ پرائیویٹائزیشن کا عمل مکمل طور پر صاف و شفاف رہے گا اور حکومت پاکستان کے مستقبل قریب کے اقدامات سے پاکستان کے کاروباری حلقوں اور عوام کو یہ یقین حاصل ہو جائے گا کہ پرائیویٹائزیشن پر ہونے والی غیر ضروری تنقید کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

محمد زبیر نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف پاکستان کے معاشی مسائل کو حل کرنے میں بے حد سنجیدہ ہیں اور نواز شریف کا اپنے گزشتہ دونوں ادوار حکومت میں بھی یہی ایجنڈاتھا کہ مسلسل خسارے میں چلنے والے قومی اداروں کو ان کی اصل قیمت کے مطابق متعلقہ شعبوں کے ماہرپرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری موجودہ حکومت اسی پالیسی کے تحت قومی خسارے کو کم سے کم کرنے کیلئے پرائیویٹائزیشن کے عمل کو برک رفتاری سے مکمل میرٹ کے تحت فروغ دینا چاہتی ہے لیکن ہم اس تاثر کی بھرپور تردید کرتے ہیں کہ ہمارا پرائیویٹائزیشن کا ایجنڈا آئی ایم ایف کی جانب سے کسی بھی قسم کے دباؤ کا شکار نہیں ہے۔

اس موقع پرلیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور وزیراعظم نواز شریف بالخصوص کراچی اور پورے ملک میں امن و امان کی مکمل بحالی کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مکمل یقین ہے کہ پرامن پاکستان اور پر امن کراچی ہی دراصل تمام معاشی و دیگر مسائل کے حل کی جانب پہلا قدم ہے۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے 46ممتاز بین الاقوامی و قومی اداروں میں ایوارڈ تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :