بجلی کا شارٹ فال تین ہزار میگا واٹ کی سطح پر بر قرار ،غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پرپہنچ گیا ،گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کی شکایات بر قرار ،گلبرگ کے رہائشیوں کا سوئی گیس کے دفتر کے باہر مظاہرہ

پیر 20 جنوری 2014 21:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) بجلی کا شارٹ فال 3ہزار میگا واٹ کی سطح پر بر قرار ہے جسکے باعث غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ عروج پر ہے ،مختلف شہری علاقوں میں ہر گھنٹے بعد دو سے تین گھنٹے مسلسل لوڈ شیڈنگ جاری ہے ، گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کی شکایات بھی بر قرار ہیں جسکے خلاف گلبرگ کے رہائشیوں نے سوئی گیس کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا ۔

این ٹی ڈی سی کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی پیداوار میں دو سو میگا کا اضافہ ہوا ہے جو بڑھ کر 8ہزار میگا واٹ ہو گیا ہے طلب میں بھی دو سو میگا واٹ کا اضافہ ہوا ہے جو 11ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے ۔ہائیڈل سے 800‘تھرمل سے 1920اور آئی پی پیز سے 5380میگا واٹ بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی ۔ترجمان کے مطابق 220کے وی کے گدو ، سبی اور اوچ سبی سرکٹس دوبارہ بحال ہو گئے ہیں تاہم لال پیر سے 350میگا واٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی ہے ۔

(جاری ہے)

مختلف شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 13سے 15گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 15سے 18گھنٹے ریکارڈ کیا گیا ۔ دوسری طرف گیس کا بحران بھی بر قرار ہے اور گزشتہ روز بھی کئی علاقوں میں گیس مکمل غائب رہی جبکہ کئی علاقوں میں کم پریشر کے باعث خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔گلبرگ کے رہائشیوں نے گیس کی دو ماہ سے بندش کے خلاف سوئی گیس کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی ۔ مظاہرے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا تاہم بعدازاں سوئی گیس حکام نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین پر امن طو رپرمنتشر ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :