کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ بننے کا تسلسل جاری،کے ایس ای 100انڈیکس 27000کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا، سرمایہ کاری مالیت میں17ارب12کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ، مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 87.10پوائنٹس اضافے سے 27000.95پوائنٹس پر بند ہوا

پیر 20 جنوری 2014 20:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) ملک میں پے در پے دہشت گردی کی وارداتوں کے باوجود کراچی اسٹاک ایکس چینج میں ریکارڈ بننے کا تسلسل جاری ہے ۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو کے ایس ای 100انڈیکس 27000کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں17ارب12کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت20.68فیصد کم جبکہ57.42فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

راولپنڈی کے آر اے بازار میں دہشت گردی کی تازہ ترین واردات اورملک میں امن و امان کی ناگفتہ بہ صورتحال ،فروخت کے دباوٴ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 26836پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاوٴسز ، دیگر انسٹی ٹیوشنز اور مقامی سرمایہ کار گروپوں کی جانب سے سیمنٹ ،بینکنگ سمیت دیگر سیکٹر میں خریداری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری آئی اور مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای 100انڈیکس 27000کی نئی تاریخی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا ۔

(جاری ہے)

تاہم اتار چڑھاوٴ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا ۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 87.10پوائنٹس اضافے سے 27000.95پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر 404کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے 232کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں اضافہ 156کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں کمی جبکہ 16کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں 17ارب 12کروڑ 84لاکھ41ہزار859روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 65کھرب 43ارب 97کروڑ65لاکھ 39ہزار 230روپے ہوگئی ۔

پیر کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں 26کروڑ 65لاکھ 99ہزار 980شیئرز رہیں جو جمعہ کے مقابلے میں 6کروڑ95لاکھ 36ہزار150شیئرز کم ہیں ۔قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کے سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 224.99روپے اضافے سے 4725.00روپے ،نیسلے پاک کے حصص کی قیمت 179.99روپے اضافے سے 9399.99روپے پر بند ہوئی ۔نمایاں کمی پاک ٹوبیکو کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت37.77روپے کمی سے 717.70روپے جبکہ فلپس مورس پاک کے حصص کی قیمت 23.00روپے کمی سے 452.00روپے پر بند ہوئی ۔

پیر کو فوجی سیمنٹ کی سرگرمیاں 1کروڑ 90لاکھ10ہزار 500شیئرزکے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت35 پیسے اضافے سے 16.46روپے جبکہ جہانگیر صدیقی کی سرگرمیاں 1 کروڑ 36لاکھ 7ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 12پیسے اضافے سے 12.17روپے پر بند ہوئی ۔پیر کو کے ایس ای 30انڈیکس 43.39پوائنٹس اضافے سے 19741.01پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس 138.53پوائنٹس اضافے سے 44684.85جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 52.56پوائنٹس اضافے سے 20060.95پوائنٹس پر بند ہوا ۔