بم ڈسپوزل سکواڈ نے راولپنڈی دھماکے کے حوالے سے حتمی رپورٹ پنجاب حکومت کو ارسال کر دی ،خودکش دھماکے میں انتہائی خطرناک بارود استعمال کیا گیا جس نے 50میٹر حدود کے اندر ہر چیز تباہ کر کے رکھ دی،ذرائع ،دہشتگردی کی حالیہ لہر کے بعد صوبہ بھر خصوصاً قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تنصیبات کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی

پیر 20 جنوری 2014 20:38

لاہور/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) بم ڈسپوزل سکواڈ نے راولپنڈی دھماکے کے حوالے سے حتمی رپورٹ پنجاب حکومت کو ارسال کر دی جسکے مطابق خودکش دھماکے میں انتہائی خطرناک بارود استعمال کیا گیا جس نے 50میٹر حدود کے اندر ہر چیز تباہ کر کے رکھ دی ۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حساس اداروں، پولیس کی تحقیقاتی ٹیموں اور فرانزک ماہرین نے جائے دھماکہ سے شواہد اکھٹے کرلئے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی حتمی رپورٹ کے مطابق حملے میں 3 کلو ہائی ایکسپلوسو بارود استعمال کیا گیا، بم کی رینج 200 میٹر تھی، رپورٹ ہوم سیکرٹری پنجاب، آئی جی، اسپیشل برانچ، آئی بی، ڈی سی او اور آر پی او کو بھجوا دی گئی۔

پولیس نے خودکش بمبار کا سر، ٹانگ اور دیگر اعضا ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے، زیر حراست زخمی مشکوک افغان باشندے کی عیادت کیلئے آنے والے 4 ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

جائے وقوعہ سے ہینڈ گرینیڈ بھی ملا ہے۔ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پشاور روڈ کے اطراف سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ دوسری طرف ،دہشتگردی کی حالیہ لہر کے بعد صوبہ بھر خصوصاً قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تنصیبات کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔

داخلی اور خارجی راستوں پرسکیورٹی سخت بڑھا دی گئی ہے جبکہ اہم سرکاری و نجی عمارتوں خصوصاً پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تنصیبات کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں پٹرولنگ بھی بڑھا دی گئی ہے اور افسران کو حفاظتی انتظامات کا خود جائزہ لینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :