سپریم کورٹ نے ای او بی آئی کرپشن کیس میں ایف آئی اے کو 27 جنوری تک حتمی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا ،رپورٹ کے نام پر عدالت کو ایک صفحہ پکڑا دیتے ہیں ،کام نہیں کرنا تو بتادیں ، چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی برہم

پیر 20 جنوری 2014 20:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے ای او بی آئی کرپشن کیس میں ایف آئی اے کو 27 جنوری تک حتمی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے ای او بی آئی کرپشن کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ کی جانب سے رپورٹ کے بارے میں استفسار پر ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ انہوں نے عدالتی حکم پر رپورٹ جمع کرادی ہے جس پر چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کی جانب سے ڈیڑھ صفحے کی رپورٹ جمع کرائی گئی ہے، جس میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ای او بی آئی کے اثاثوں سے متعلق تفتیش کا کوئی ذکر نہیں رپورٹ کے نام پر عدالت کو ایک صفحہ پکڑا دیتے ہیں اگر کام نہیں کرنا تو بتادیں۔

سپریم کورٹ نے سماعت اگلی تاریخ تک ملتوی کرتے ہوئے ایف آئی اے کو 27 جنوری تک حتمی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے جس میں گھپلوں کی تفصیلات، تفتیش کی نوعیت کے علاوہ ملزمان کے نام، ان کے عہدے اور ان پر الزامات کی نوعیت بھی بیان کی جائے۔