افریقی جمہوریہ میں مشتعل عیسائیوں کا مسلمانوں پر حملہ ،50ہلاک،لاشوں کو آگ لگادی،بوئلی ..
تازہ ترین : 1

افریقی جمہوریہ میں مشتعل عیسائیوں کا مسلمانوں پر حملہ ،50ہلاک،لاشوں کو آگ لگادی،بوئلی میں سات سو مسلمان چرچ میں پناہ لئے ہوئے ہیں،فرقہ وارانہ فسادات میں ہزاروں افردمارے جاچکے ہیں،ریڈ کراس

بنگوئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء)وسطی افریقی جمہوریہ مشتعل مسیحوں نے فسادات میں50مسلمانوں کوشہید کر دیا، جبکہ دارالحکومت بنگوئی میں مشتعل مسیحی ہجوم نے دو مسلمانوں کی لاشوں کو شہر کی سڑکوں پر گھسیٹنے کے بعد انہیں ایک چوک میں رکھ کر آگ لگا دی ، اس کے علاوہ مساجد کو بھی نشانہ بنایا گیا ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کی اس سابقہ کالونی کے دارالحکومت بنگوئی میں تشدد کی ایک تازہ ترین کارروائی کے دوران مسیحیوں کے ایک ہجوم نے دو مسلمان مردوں کو قتل کرتے ہوئے ان کی لاشوں کو شہر کی سڑکوں پر پہلے گھسیٹا اور بعد ازاں انہیں ایک عوامی چوک میں رکھ کر آگ لگا دی ، مسیحی ہجوم کو شبہ تھا کہ یہ دونوں مسلمان افراد تشدد کی ایک دوسری کارروائی میں ملوث رہے ہیں، اس ملک میں مارچ سے جاری فرقہ ورانہ فسادات میں اب تک ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں۔

بین الاقوامی امدادی تنظیم ریڈ کراس نے کہا ہے کہ گزشتہ 48گھنٹوں میں انہوں نے بنگوئی کے باہر پچاس افراد کی لاشوں کو دفن کیا ہے اور ہلاک ہونے والوں کی اکثریت مسلمانوں کی تھی۔ امدادی تنظیم سیو دی چلڈرن کے مطابق ایک دوسرے واقعے میں چاقوں اور خنجروں سے مسلح مسیحیوں کے ایک مشتعل ہجوم نے لڑائی زدہ علاقے سے فرار ہونے والے مسلمانوں کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا، ہلاک ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

سیو دی چلڈرن کے ایک ترجمان مائیک مِکسکر کا کہنا تھاکہ ڈاکٹروں کے مطابق مسلمانوں کے قافلے کو نشانہ بنانے کا عمل انتہائی خوفناک تھا۔ مسلح افراد نے قافلے کو روکنے کے لیے پہلے راکٹ فائر کیا اور پھر ہینڈ گرنیڈز کا استعمال کیا، بعدازاں قافلے پر آتشیں ہتھیاروں اور چاقو، چھریوں سے حملہ کر دیا گیا۔ سیو دی چلڈرن کے مطابق واقعہ شمال مغرب میں واقع شہر بوآر کے ایک مضافاتی علاقے میں پیش آیا۔

اس شہر کی آبادی تقریبا 40ہزار نفوس پر مشتمل ہے ، جو مساجد اور گرجا گھروں میں پناہ لیے ہوئے ہے۔ اس ملک کو خانہ جنگی سے بچانے کے لیے فرانسیسی اور دوسرے ملکوں کی افواج بھی وہاں موجود ہیں لیکن ان کی رسائی دور دراز کے دیہاتی علاقوں تک نہیں ہے۔ اس ملک کے شہر بوئلی میں تقریبا سات سو مسلمان ایک چرچ میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ یہ شہر دارالحکومت بنگوئی سے تقریبا ایک سو کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔رپورٹ کے مطابق ان واقعا ت میں مساجد کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

وقت اشاعت : 20/01/2014 - 20:26:20

اپنی رائے کا اظہار کریں