رواں برس ملک کی کئی سیاسی جماعتیں ٹوٹ جائیں گی، منظوروسان کی نئی پیش گوئی

پیر 20 جنوری 2014 17:10

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2014ء)وزیر جیل خانہ جات سندھ منظور وسان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے ہی پیش گوئی کردی تھی کہ 2014 بہت خطرناک ہوگا اور رواں برس ملک کی کئی سیاسی جماعتیں ٹوٹ جائیں گی۔ کراچی میں اینٹی کرپشن سے متعلق اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر جیل خانہ جات کا کہنا تھا کہ محکمہ اینٹی کرپشن میں کئی اہم تبدیلیاں کی جارہی ہیں، کرپشن ثابت ہونے پر ہر ایک کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کرنا وفاق کی ذمہ داری ہے ، قوم نے انتخابات میں وزيراعظم نوازشریف کو مینڈیٹ دیا ہے اس لئے طالبان سے مذاکرات کے لئے انہیں جو بھی کرنا ہے وہ جلدی کریں۔ منظوروسان نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی پیش گوئی کی تھی کہ نیاسال خطرناک ہوگا اور اب صورت حال سب کے سامنے ہے کہ پولیس، رینجرز اور سیکیورٹی اداروں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی سینٹرل جیل سمیت دیگر شہروں کی جیلوں پر حملے کی دھمکی دی گئی ہے جس کے پیش نظر جیلوں کی سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جارہا ہے، اس کے علاوہ رواں برس ملک کی کئی سیاسی جماعتیں ٹوٹ جائیں گی۔