پاکستان اور مراکش کا ترجیحی تجارتی معاہدہ کو حتمی شکل دینے کے ساتھ باہمی تعاون میں اضافے پر اتفاق

پیر 20 جنوری 2014 15:40

رباط (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2014ء) پاکستان اور مراکش نے ترجیحی تجارتی معاہدہ کو حتمی شکل دینے کے ساتھ باہمی تعاون میں اضافے پر اتفاق کرتے ہوئے کہاہے کہ پاک مراکش مشترکہ تجارتی کونسل کو بھی فعال بنایا جائے گا یہ اتفاق رائے مراکش کے قدیم شہر میں او آئی سی کی القدس کمیٹی کے20 ویں سیشن کے موقع پر وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز اور مراکش کے وزیر خارجہ صلاح الدین مزور کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔

دونوں ممالک نے مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس اپریل میں پاکستان میں منعقد کرنے پر فیصلہ بھی کیا جس میں مراکش کے وزیر خارجہ شرکت کریں گے۔سرتاج عزیز نے بتایا کہ پاک مراکش مشترکہ تجارتی کونسل کو بھی فعال بنایا جائے گا۔دونوں ممالک نے تجارتی ویزوں میں سہولت دینے اور تجارتی وفود کے اضافی تبادلوں پر بھی اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

مراکش کے وزیر خارجہ نے کہا کہ مراکش مکمل طور پر ایک اوپن مارکیٹ ہے اور ان کا ملک پاکستان کے ساتھ بالخصوص تجارت میں اضافہ کا خیر مقدم کرے گا۔

ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سیاسی شعبہ میں موجود خیر سگالی کی عکاسی اقتصادی اور تجارتی تعاون کے ذریعے ہونی چاہیئے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کے عوام مراکش کے شاہ محمد ششم کے دورہ پاکستان پر ان کا پرتپاک استقبال کریں گے جن کی قیادت کے تحت مراکش نے نمایاں ترقی حاصل کی۔مراکش کے وزیر خارجہ نے القدس کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کی فعال شرکت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی کاز کیلئے بھر پور کردار ادا کیا اور امت مسلمہ کو درپیش دیگر مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کی

متعلقہ عنوان :