جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے اپنے حق کیلئے لڑتا رہے گا‘سید علی گیلانی

پیر 20 جنوری 2014 13:05

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2014ء)بزرگ کشمیری رہنماء سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے دوران شہید ہونے والے جیالے ہی ہمارے قومی ہیرو ہیں-ہیروز کے خون کو فراموش کیا گیا ہے نہ ہی کسی قسم کی بے وفائی کی جائے گی-جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے اپنے حق کیلئے لڑتا رہے گا-اقوا م متحدہ کا اپنی ہی پاس کردہ قراردادوں پر عمل درآمد نہ کرانا افسوسناک ہے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیئے بغیر برصغیر میں امن قائم نہیں ہوسکتا- سید علی گیلانی نے 26 جنوری کو وادی بھر میں احتجاجی مظاہروں اور ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے دوران شہید ہونے والے جیالے ہی ہمارے قومی ہیرو ہیں  یاد کا دن منانے کا مقصد اس کاز کے ساتھ وفاداری برتنے کا عہد دہرانا ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے 26جنوری کو پوری ریاست میں ہڑتال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک آزادی کے دوران میں کام آنے والے جیالے ہمارے قومی ہیرو ہیں اور ان کی یاد منانے کا مقصد اس کاز کے ساتھ وفاداری برتنے کا عہد دہرانا ہوتا ہے جس کے لیے انہوں نے اپنی عزیز جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں اور جس کے لیے ہماری قوم پچھلے 66سال سے محوجدوجہد ہی۔

انہوں نے قتل عام کے تمام واقعات کی کسی غیرجانبدار عالمی ادارے کی طرف سے تحقیقات کرائے جانے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ مقررہ تاریخوں پر ہندواڑہ اور کپواڑہ قصبوں میں باری باری مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کی جائے اور شہدا کی بلندء درجات کے لیے دعائیہ مجالس کا اہتمام کیا جائے ۔ گیلانی نے کہا کہ سرحدی ضلع کپواڑہ کے لوگوں نے جدوجہد کے موجودہ دور میں سب سے زیادہ مصائب اور مشکلات اٹھائے ہیں اور یہاں شاید ہی کوئی ایسا خاندان ہوگا جس کا کوئی لاڈلا یا قرابت دار شہید نہ ہوا ہو یا اس کے ساتھ کوئی زیادتی نہ ہوئی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ضلع سے متعلق بعض ہند نواز سیاستدانوں نے بہت غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششیں کی تھیں کہ یہاں کے لوگ تھک ہار کر بیٹھ گئے ہیں اور اب ان کی تحریک آزادی کے ساتھ خاص دلچسپی باقی نہیں رہ گئی ہے البتہ طویل نظربندی سے مختصر رہائی کے دوران میں جب میں 8نومبر کو کپواڑہ گیا تو یہاں کے عوام نے جس جوش وخروش اور جذبے کا مظاہرہ کیا، اس نے ہندنوازوں کے تمام قیاسات کو غلط ثابت کردیا اور وہ منہ کی کھا کر رہ گئی۔ انہو ں نے امید ظاہر کی کہ یہاں کے لوگ 25اور 27جنوری کو باری باری اپنے اپنے قصبہ جات میں ہڑتال کرکے شہدا کو بھی پیغام پہنچائیں گے کہ ان کے خون کو فراموش کیا گیا ہے اور نہ اس کے ساتھ کسی قسم کی بے وفائی کی گئی ہی۔