بجلی کا بحران مزید شدید ہو گیا ، تعطیل کے باوجود شارٹ فال بڑھ کر تین ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ،بجلی کی گھنٹوں بندش سے پانی کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا ،گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر سے بھی عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی

اتوار 19 جنوری 2014 20:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) بجلی کا بحران مزید شدید ہو گیا ، تعطیل کے باوجود شارٹ فال بڑھ کر تین ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا جسکے باعث غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی عروج پر پہنچ گئی ، بجلی کی گھنٹوں بندش سے پانی کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا جبکہ گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر سے بھی عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ۔ این ٹی ڈی سی کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی کل پیداوار کم ترین سطح 7800میگا واٹ کی سطح پر پہنچ گئی جبکہ طلب 10800میگا واٹ کی سطح پر بر قرار ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز ہائیڈل سے 1300‘تھرمل سے 1570اور آئی پی پیز سے 4930میگا واٹ بجلی کا حصول ممکن ہو سکا ۔ ذرائع کے مطابق مختلف شہری علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ عروج پر پہنچ گئی ہے اور تعطیل کے روز لوڈ شیڈنگ کا دورنایہ 12سے 15گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 17سے 19گھنٹے ریکارڈ کیا گیا ۔ دوسری طرف بجلی کی گھنٹوں لوڈ شیڈنگ سے پانی کا بحران بھی شدید ہو گیا ہے اور ٹیوب ویلز نہ چلنے کی وجہ سے لوگ پینے کے پانی کی بوند بوند کو بھی ترس گئے ہیں ۔ سردی کے باعث گیس کا بحران بھی بر قرار ہے اور گزشتہ روز بھی کئی علاقوں میں گیس مکمل غائب رہی جبکہ کئی علاقوں میں کم پریشر کے باعث خواتین کو کچن کے امور نمٹانے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔