Live Updates

تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی دھرنے کو58روز مکمل،اتوار کو ایم پی ایز عارف احمد زئی کی قیادت میں چارسدہ کے کارکنان نے دھرنا دیا

اتوار 19 جنوری 2014 20:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی دھرنے کو58روز مکمل ہو گئے۔اتوار کو دھرنے کے 58ویں روز ضلع چارسدہ کے کارکنان نے ایم پی اے عارف احمد زئی اور چارسدہ کی صوبائی کابینہ کی قیادت میں دھرنا دیا اس موقع پر بابائے دھرنا فیاض خلیل اور اتحادی جماعتوں کے کارکنان بھی موجود تھے ۔

شرکاء نے ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔اس موقع پر وفاقی حکومت اور امریکہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان نے ثابت کر دیا کہ وہ انتہائی ثابت قدم اور اپنے قائد کی ․آواز پر ھر قربانی دینے کو تیار ہیں۔انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان اصولی موقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے اور یہ خوبی ان میں عمران خان کی وجہ سے ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں ڈرون حملوں کیخلاف قرارداد منظور ہونے کے بعد اب اگر ڈرون پاکستانی حدود میں آئے تو اسے گرا دیا جائے ۔انھوں نے کہا کہ خو د کو شیر کہنے والے خود کو شیر ثابت بھی کریں اس سے پہلے کے پاکستان کے عوام انہیں گیدڑ ثابت کریں۔شرکاء نے ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر ڈرون حملے اور نیٹو سپلائی روکنے کیلئے سالوں تک بھی دھرنا دینا پڑے تو دینگے۔یاد رہے کہ تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف نیٹو سپلائی بند کرنے کیلئے دھرنا 23نومبر2013کو پشاور رنگ روڈ پر بڑے جلسے سے شروع ہوا تھا جسے آج 58روز پورے ہو گئے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات