حکومت لوگوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے،حبیب الرحمان

اتوار 19 جنوری 2014 20:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جنوری۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر زکوٰة، اوقاف و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت لوگوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے بلدیاتی انتخابات کا عنقریب انعقاد کیا جائیگالہذا عوام بلدیاتی انتخابات میں ایماندار اور اچھے کردار کے حامل نمائندوں کا انتخاب کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز علاقہ خدو خیل یونین کونسل سروائی اور برکلے یونین کونسل نوازی ضلع بونیر میں مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جماعت اسلامی ٹال مٹول اور نعرہ بازی کی سیاست پر یقین نہین رکھتی بلکہ وہ عوامی ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ان کا کسی پر احسان نہیں بلکہ بحیثیت منتخب نمائندے کے یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیاسی وابسطگیوں سے بالا تر ہو کر ضلع بونیر کے عوام کی بلا تفریق خدمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے علاقے کے عمائدین نے کہا کہ وہ آگے آئیں اور انہیں ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں اپنی ترجیحات سے آگاہ کریں تاکہ ترقی و خوشحالی کی سکیموں پر ان کی منشاء کے مطابق مرحلہ وار عمل درآمد کیا جا سکے۔ انہوں نے لوگوں کو تاکید کی کہ وہ علاقے کی مجموعی ترقی کیلئے اپنے فروعی اختلافات بھلا دیں اور صوبے کی وسیع تر مفاد میں موجودہ حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں۔