بنوں دھماکے کے بعد وزیراعظم نے دورہ سوئٹزرلینڈ منسوخ کردیا، نواشریف نے اکنامک فورم میں شرکت کے لیے کل ڈیوس جانا تھا ،سینٹر پرویز رشید ۔ تفصیلی خبر

اتوار 19 جنوری 2014 20:05

بنوں دھماکے کے بعد وزیراعظم نے دورہ سوئٹزرلینڈ منسوخ کردیا، نواشریف ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بنوں دھماکے کے بعد اپنا دورہ سوئٹزلینڈ منسوخ کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گرد حملے حکومت کی امن کوششوں کو ثبوتاژنہیں کرسکتے،اتوارکو وزیراعظم سیکرٹریٹ کے ترجمان اوروفاقی وزیر اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے بتایا کہ وزیراعظم نے ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے لیے کل(منگل کو)سوئٹزلینڈ کے شہر ڈیوس جاناتھا تاہم بنوں میں فوجی قافلے پر حملے میں ہونے والی شہادتوں کے بعد وزیراعظم نے اپنا دورہ منسوخ کرتے ہوئے ملک میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے ،انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ورلڈ اکنامک فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے کسی اورکو بھیج سکتے ہیں تاہم ابھی اس کا فیصلہ ہونا باقی ہے ۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہاکہ بنوں دھماکے کے بعد وزیراعظم آئندہ ایسے واقعات کی روک تھا م کے لیے عسکری قیادت سے ملاقاتیں کرکے لائحہ عمل ترتیب دیں گے ،انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اعلی سطحی اجلاس بھی بلانے کا فیصلہ کیا ہے ،پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ دہشت گردوں کے حملے حکومت کی امن کوششوں کو ثبوتاژنہیں کرسکتے اورنہ ہی ان دھماکوں سے ان کا عزم متزلزل ہوگا،وزیراعظم نے کہاکہ سیکورٹی فورسز اورقوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔