بھارت ایک ارب افراد کی تجارتی منڈی ہے ،تجارت کے فروغ سے یقینا فوائد حاصل ہونگے ‘ وزیر تجارت خرم دستگیر، پاکستان نے ہمیشہ برابری کی سطح پر تعلقات کی بات ،ایک دوسرے کی منڈیوں تک ”بلا امتیاز رسائی “اہم پیشرفت ہے ، انٹرویو

اتوار 19 جنوری 2014 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بھارت ایک بڑی تجارتی منڈی ہے اور ہمسایہ ملک سے تجارت کے فروغ سے یقینا ہمیں فوائد حاصل ہونگے ، پاکستان نے ہمیشہ برابری کی سطح پر تعلقات کی بات کی ہے اور ایک دوسرے کی منڈیوں تک ”بلا امتیاز رسائی “اسکی طرف اہم پیشرفت ہے ، پاکستان چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضاء بنے اور کسی ایک چھوٹے سے واقعے سے جاری تجارتی اور مذاکراتی عمل سبوتاژ نہ ہو ۔

ایک انٹر ویو میں وزیر تجارت نے کہا کہ بھارتی وزیر تجارت سے بہت سے اہم معاملات پر کھل کر بات ہوئی ہے اور بھارت بھی پاکستان کیساتھ پائیدار تعلقات کا خواہشمند ہے ۔ واہگہ اٹاری پر چوبیس گھنٹے تجارتی آپریشن سے جہاں تجارت کو فروغ حاصل ہوگا وہیں درآمد اور برآمد کنندگان کا وقت بھی بچے گا کیونکہ اس سے پہلے ٹرکوں کی لمبی قطاریں لگی ہوتی تھیں۔

(جاری ہے)

تجارت کنٹینرز پر منتقل ہونے سے یہ عالمی معیار کے مطابق ہو جائے گی اورجہاں تک کنٹینرز کی جامع تلاشی کا سوال ہے تو پاکستان کا ادرہ این ایل سی یہ استعداد رکھتا ہے کہ کوئی بھی کنٹینر منٹوں میں سکین ہو سکتا ہے ۔وزیر تجارت نے مزید کہا کہ بھارت سے تجارت کے فروغ سے ہمیں ایک ارب افراد کی منڈی میسر آئے گی اور ہمیں کمٹنٹ کرنی چاہیے کہ ہم بھی بین الاقوامی سطح پر خود کو منوائیں گے اور پاکستان کی مصنوعات پوری طرح وہاں پہنچ سکیں ۔

اسکے لئے حکومت تاجروں کو ہر طرح سے سپورٹ دے گی انشا اللہ وہ وقت بھی آئے گا جب نواز شریف کی قیادت میں پاکستان گیس اور بجلی کے بحران سے بھی باہر نکل آئے گا۔انہوں نے بتایا کہ ہمیں جی ایس پی پلس کا درجہ دس سال کے لئے دیا گیا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ ہم کس طرح اس سے استفادہ کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :