اسرائیلی فوج کا گھروں میں گھس کر فلسطینیوں پر تشدد،سات کو حراست میں لے لیا، زرعی آلات،دیگر ساز و سامان بھی قبضے میں لے لیا،غزہ پر ناکہ بندی ،فلسطینیوں کوداخلے سے روک دیاگیا

اتوار 19 جنوری 2014 14:20

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) اسرائیلی فوج نے جنوب مغربی کنارے کے شہر الخلیل کے مختلف مقامات سے سات فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اتوار کو مرکز اطلاعات فلسطین نے بتایا کہ قابض صہیونی فوج نے الخلیل شہر میں ایک فلسطینی نوجوان زید الجنیدی کے گھر پر چھاپہ مارا اور گھر کے مکینوں کو باہر نکال کر پورے مکان کی تلاشی لی اور جاتے ہوئے زید کو گرفتار کرکے ہمراہ لے گئے،زید الجنیدی چند دن پہلے ہی اسرائیلی قید سے رہا ہو کر آئے تھے۔

درایں اثنا اسرائیلی فوجیوں نے یطا شہر کے جنوبی علاقے میں بھی فلسطینی شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایااورشہریوں پر بلا امتیاز تشدد کے بعد اسرائیلی فوجی کم سن فلسطینی محمد النواجعہ، اس کے بھائیوں یسری، یاسر، راضی النواجعہ اور عیسی جبر کو گرفتار کر کے لے گئے۔

(جاری ہے)

گرفتار فلسطینیوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا جبکہ ان کے زیر استعمال زرعی آلات اور دیگر ساز و سامان بھی صہیونی فوجیوں نے قبضے میں لے لیا۔

قابض فوج نے لخلیل شہر کے شمالی کیمپ العروب پر بھی حملہ کیا، جس کے بعد الفوار کیمپ میں بھی فلسطینی شہریوں اور صہیونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات کو بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے العروب کیمپ میں متعدد فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ فوجیوں نے المدارس اور المناشیر، سنٹرل الحارات کے علاقے میں گشت کیا۔ ادھر علاقے کے داخلی دروازے پر موجود فوجیوں نے متعدد شہریوں بالخصوص نوجوان فلسطینیوں کو روکے رکھا۔

متعلقہ عنوان :